ستیہ دھار ستیہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا بتائیں خود کو کیوں برباد کرتے رہ گئے (غزل)
کیا بتائیں خود کو کیوں برباد کرتے رہ گئے
عمر بھر اک شخص کی امداد کرتے رہ گئے
راستے بالکل غلط پھر بھی انہیں منزل ملی
ہم سہی رستوں کو ہی ایجاد کرتے رہ گئے
دیکھیے مالی نے پھولوں کو مسل کر رکھ دیا
اور ہم اک فاختہ آزاد کرتے رہ گئے
ایک چہرہ جو مری آنکھوں میں گھر کرتا رہا
بس اسی چہرے کو ستیہؔ یاد کرتے رہ گئے
زخم گہرے تھے بھلا کیسے مداوا کرتے (غزل)
زخم گہرے تھے بھلا کیسے مداوا کرتے
کچھ نہ ہوتا جو اگر خود کا تماشا کرتے
جھوٹ ہی ہوتا مگر خواب تو ہوتا کوئی
وہ ہمارا ہے سر راہ دکھاوا کرتے
بات بے بات وہ رکھے تو بھرم چاہت کا
ہم بھی خاموش کوئی ترک تمنا کرتے
میری ان آنکھوں میں جگنو سے چمکتے ہیں کئی
خواب آتے ہیں مرا نیند میں پیچھا کرتے
ہم سے تا عمر لپٹ جائے تو آرام ملے
ہم بھی ہر وقت اسے پیار سے دیکھا کرتے
شعر کہتے ہیں تو جینے کا شعور آتا ہے
گر نہ کہتے تو بھلا کیسے گزارا کرتے