پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ستیہ پرکاش سونی کی غزلیں — Satya Prakash Soni Ghazals

ستیہ پرکاش سونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انت سمے بس یہ ہی جھگڑا رہتا ہے (غزل)

انت سمے بس یہ ہی جھگڑا رہتا ہے

دس من لکڑی دو گز کپڑا رہتا ہے

دیکھو آگے سوچ سمجھ کر ہی جانا

آگے رستہ بے حد سکڑا رہتا ہے

اب تو اس کو دیکھے بھی عرصہ گزرا

جانے کیوں جی اکھڑا اکھڑا رہتا ہے

پنچھی اڑ جاتے ہیں سورج اگتے ہی

پیپل گٹا دن بھر اجڑا رہتا ہے

چاہت الفت عشق وفا توبہ توبہ

چھوڑو ان چیزوں میں لفڑا رہتا ہے

اس مفلس لڑکی پر سب کی نظریں ہیں

جس کا تھوڑا بلاؤز ادھڑا رہتا ہے

آنکھ اٹھے گی تو دیوانہ گرے گا (غزل)

آنکھ اٹھے گی تو دیوانہ گرے گا

جھیل دیکھے سے کوئی پیاسا گرے گا

آج عریانی کھلے گی شاخ گل کی

آج کی شب آخری پتا گرے گا

رات بھر ٹھٹھرے کسی کے عہد پر ہم

کیا خبر تھی اس قدر پارہ گرے گا

ٹوٹتے رشتے نہ شائع ہوں کہیں سو

کھڑکیوں پر بے وجہ پردہ گرے گا

آج جو کچلا گیا بوٹوں کے نیچے

آنکھ میں اک دن یہی ذرہ گرے گا

بادشاہوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے

حد سے حد ہوگا کہ اک پیادہ گرے گا

خلد سے آدم زمیں تک آ گیا ہے

کیا پتہ اب اور یہ کتنا گرے گا

مزید غزلیں از ستیہ پرکاش سونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں