ستیہ نند جاوا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دشت تنہائی میں ہم خاک اڑا دیتے ہیں (غزل)
دشت تنہائی میں ہم خاک اڑا دیتے ہیں
شب کی خاموشی میں یادوں کو صدا دیتے ہیں
دن گزرتے ہیں طواف در جاناں کرتے
اپنی راتوں کو بھی آنکھوں میں گنوا دیتے ہیں
رات بھی بیت گئی تارے بھی سب ڈوب چلے
اپنے اشکوں کو بھی پلکوں میں چھپا دیتے ہیں
اپنے اطوار پہ نادم نہ ہوں محفل میں عزیز
چہرے چھپ جائیں چراغوں کو بجھا دیتے ہیں
تم پریشان ہو کیوں ہم تو تمہاری خاطر
اب بھی چاہو تو ہر اک بات بھلا دیتے ہیں
کہاں کہاں سے نگہ اس کو ڈھونڈ لائے ہے (غزل)
کہاں کہاں سے نگہ اس کو ڈھونڈ لائے ہے
کسی کے ساتھ سہی وہ نظر تو آئے ہے
فلک سے جیسے ستارہ زمین پر اترے
مری گلی میں وہ محشر خرام آئے ہے
فضائے فکر میں وہ چاند بن کے چمکا ہے
شب فراق کی رنگت بدلتی جائے ہے
خدا گواہ خدا تو نہیں وہ شخص مگر
اسی کا نام مکرر لبوں پہ آئے ہے
کہاں کہاں نہ جلائے نوازشوں کے چراغ
مجھی کو گھور اندھیرے میں چھوڑ جائے ہے
وہ بات ذہن میں جس سے کچھ انتشار سا ہے
وہ بات شعر کے سانچے میں ڈھلتی جائے ہے