سطوت زہرا سطوت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہیں دور تک نہیں برگ و گل یہ خزاں کا وار تو دیکھیے (غزل)
کہیں دور تک نہیں برگ و گل یہ خزاں کا وار تو دیکھیے
یہاں درد ہے وہاں ٹیس ہے یہ مری بہار تو دیکھیے
تو اداس ہو تو میں غمزدہ تو جو مسکرائے میں ہنس پڑوں
مرے دل پہ اپنے وجود کا ذرا اختیار تو دیکھیے
یہاں خار تک کا نہ ذکر ہو وہاں گلشنوں کی حکایتیں
ذرا آپ اپنی عنایتوں کا اصول کار تو دیکھیے
کبھی ڈوبیے تو پتہ چلے ذرا موج موج کی بیکلی
کبھی غور سے مری حالت دل تار تار تو دیکھیے
مری الفتوں میں رچا بسا وہ ضرور لوٹ کے آئے گا
مرے اختیار میں کچھ نہیں مگر اعتبار تو دیکھیے
ہوئے مہرباں تو ہیں قدرداں نہیں مہرباں تو ستم روا
کبھی پھول ہیں کبھی خار ہیں یہ مزاج یار تو دیکھیے
تری جدائی مری زندگی کو راس بھی ہے (غزل)
تری جدائی مری زندگی کو راس بھی ہے
بچھڑ کے پھر کبھی ملنے کی مجھ کو آس بھی ہے
یہ گرم آنسو یہ آہیں یہ درد اور یہ کسک
کسی کی دی ہوئی سوغات میرے پاس بھی ہے
یہ کیسے رند ہیں ساقی ہیں کیسا مے خانہ
کہ مل رہے ہیں جنہیں جام ان کو پیاس بھی ہے
کبھی وہ اپنے ہوئے اور کبھی پرائے ہوئے
ہماری زیست میں تلخی بھی ہے مٹھاس بھی ہے
میں باغباں ہوں ہر اک گل میں تو ہے پوشیدہ
ہر اک کلی میں ترے پیرہن کی باس بھی ہے
جنون عشق کی بربادیاں کہوں کس سے
کہوں تو کیا کہوں اہل خرد کا پاس بھی ہے
ملی جو داد غزل کی تو یوں لگا سطوتؔ
کہ اب ہمارا زمانہ نظر شناس بھی ہے