پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ستار سید کی غزلیں — Sattar Syed Ghazals

ستار سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ چراغ سا کف رہ گزار میں کون تھا (غزل)

وہ چراغ سا کف رہ گزار میں کون تھا

میں کہاں تھا اور مرے انتظار میں کون تھا

کوئی دھول اڑتی تھی راستوں پہ نہ کھل سکا

وہ غنیم تھا کہ کمک غبار میں کون تھا

کوئی شام حلقۂ دوستاں میں گزارتا

جسے جا کے ملتا میں اس دیار میں کون تھا

مرے خواب کس نے چرا لیے سر شام غم

مری عمر جس کے تھی اختیار میں کون تھا

لہو میں پھول کھلانے کہاں سے آتے ہیں (غزل)

لہو میں پھول کھلانے کہاں سے آتے ہیں

نئے خیال نہ جانے کہاں سے آتے ہیں

یہ کون لوگ ہیں ہر شام طاق مژگاں پر

چراغ یاد جلانے کہاں سے آتے ہیں

خزاں کی شاخ میں حیراں ہے آنکھ کی کونپل

پلٹ کے عہد پرانے کہاں سے آتے ہیں

سمندروں کو سکھاتا ہے کون طرز خرام

زمیں کی تہہ میں خزانے کہاں سے آتے ہیں

زمام ابر گریزاں ہے کس کے ہاتھوں میں

محیط خوشہ میں دانے کہاں سے آتے ہیں

سفر نصیب پرندو! تمہارے ہونٹوں پر

یہ خوش گوار ترانے کہاں سے آتے ہیں

خوشی کے عہد چلے جاتے ہیں کہاں سیدؔ

اداسیوں کے زمانے کہاں سے آتے ہیں

مزید غزلیں از ستار سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں