پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ستپال خیال کی غزلیں — Satpaal Khayal Ghazals

ستپال خیال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عرضی دی تو نکلی دھوپ (غزل)

عرضی دی تو نکلی دھوپ

کہرے نے ڈھک لی تھی دھوپ

دو قدموں پر منزل تھی

زوروں سے پھر برسی دھوپ

بوڑھی اما بنتی تھی

گرم سوئیٹر جیسی دھوپ

دھوپ میں ترسے سائے کو

سائے میں یاد آئی دھوپ

بھوکی ننگی بستی نے

کھائی جوٹھن پہنی دھوپ

پھنگی پر آ بیٹھی دیکھ

کتنی شاطر نکلی دھوپ

سائے میں ہی رہتے ہو

دیکھی بھی ہے تیکھی دھوپ

غربت کے چولھے پے ہے

فاقوں کی پھیکی سی دھوپ

غزلوں کے چرخے پے نت

احساسوں کی کاتی دھوپ

ڈھلتی شام نے دیکھی ہے

لاٹھی لے کر چلتی دھوپ

چائے کے کپ میں ابلی

اخباروں کی سرخی دھوپ

جیون کیا ہے بول خیالؔ

کھٹی میٹھی تیکھی دھوپ

جو مانگو وہ کب ملتا ہے (غزل)

جو مانگو وہ کب ملتا ہے

اب کے ہم نے دکھ مانگا ہے

گھر میں حال بزرگوں کا اب

پیتل کے برتن جیسا ہے

ناتی پوتوں نے ضد کی تو

اما کا صندوق کھلا ہے

ہاتھ سے اس نے دی تھیں گانٹھیں

اب دانتوں سے کھول رہا ہے

اب تم راکھ اٹھا کر دیکھو

کیا کیا جسم کے ساتھ جلا ہے

دور وسو یا پاس رہو اب

رشتوں کا پل ٹوٹ چکا ہے

دوب چمکتی ہے کھیتوں میں

برگد چنتا میں ڈوبا ہے

روتی آنکھیں ہنستا چہرہ

انگاروں پر پھول کھلا ہے

آنکھوں سے ہے اوجھل منزل

پیروں سے رستہ لپٹا ہے

ڈوب رہی دو آنکھیں ہیں اور

بجھتی سی فانی دنیا ہے

کہرے میں لپٹی ہے بستی

سورج بھی جگنو لگتا ہے

یاد خیالؔ آئی پھر اس کی

آنکھوں سے آنسو ٹپکا ہے

مزید غزلیں از ستپال خیال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں