ستیش شکلا رقیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ حقیقت کہ خواب ہے کوئی (غزل)
یہ حقیقت کہ خواب ہے کوئی
سامنے بے نقاب ہے کوئی
ہے تصور میں حسن دوشیزہ
یا پرانی شراب ہے کوئی
زندگی قید با مشقت ہے
اس سے بڑھ کر عذاب ہے کوئی
بندگی میں تری کفایت کیوں
رحمتوں کا حساب ہے کوئی
جس کو دیکھو رقیبؔ پڑھتا ہے
جیسے چہرہ کتاب ہے کوئی
ہوا کے دوش پہ کس گل بدن کی خوشبو ہے (غزل)
ہوا کے دوش پہ کس گل بدن کی خوشبو ہے
گمان ہوتا ہے سارے چمن کی خوشبو ہے
قریب پا کے تجھے جھومتا ہے من میرا
جو تیرے تن کی ہے وہ میرے من کی خوشبو ہے
بلا کی شوخ ہے سورج کی ایک ایک کرن
پیام زندگی ہر اک کرن کی خوشبو ہے
گلے ملی کبھی اردو جہاں پہ ہندی سے
مرے مزاج میں اس انجمن کی خوشبو ہے
عجیب سحر ہے اے دوست تیرے آنچل میں
بڑی انوکھی ترے پیرہن کی خوشبو ہے
وطن سے آیا ہے یہ خط رقیبؔ میرے نام
ہر ایک لفظ میں گنگ و جمن کی خوشبو ہے
مزید غزلیں از ستیش شکلا رقیب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں