ستیش مختلف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عجب رشتے کا دھاگا ہے اچانک ٹوٹ جاتا ہے (غزل)
عجب رشتے کا دھاگا ہے اچانک ٹوٹ جاتا ہے
میں جس کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں چھوٹ جاتا ہے
اچٹ جاتی ہے میری نیند اور اٹھ بیٹھتا ہوں میں
مرے ہر خواب کے اندر کہیں کچھ ٹوٹ جاتا ہے
اگر بھولے سے بھی یہ دل کوئی امید کر بیٹھے
تو اگلے پل ہی میرا حوصلہ کیوں ٹوٹ جاتا ہے
سنبھلنے میں مجھے کچھ دیر لگتی ہے پہ اتنے میں
کماں سے آپ ہی یہ تیر دل کا چھوٹ جاتا ہے
عجب الجھن میں ہوں میں ان دنوں کیسے میں بتلاؤں
ادھر دل کو مناتا ہوں ادھر وہ روٹھ جاتا ہے
ذرا ضدی ہوں جذباتی ہوں تھوڑا سرپھرا ہوں میں (غزل)
ذرا ضدی ہوں جذباتی ہوں تھوڑا سرپھرا ہوں میں
مگر جیسا بھی ہوں پہچان لو بندہ کھرا ہوں میں
مرے اندر اگر ہیں خامیاں تو خوبیاں بھی ہیں
کہ تم تو مان بیٹھے ہو کہ اک دم ہی برا ہوں میں
تمہیں میں روک سکتا تھا مگر روکا نہیں میں نے
اور اس کے بعد ایسا خود کی نظروں سے گرا ہوں میں
کئی سارے سوالوں نے مجھے الجھائے رکھا ہے
چلے آؤ چلے آؤ سوالوں میں گھرا ہوں میں
میں کتنے ضبط سے بیٹھا ہوں تم کو کیا خبر جاناں
میری آنکھوں میں خشکی ہے پر اندر سے بھرا ہوں میں
تمہارا منتظر ہوں لوٹ کر آ جاؤ میرے دوست
جہاں بچھڑے تھے ہم دونوں وہیں اب بھی کھڑا ہوں میں