ثروت زہرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے تحاشہ اسے سوچا جائے (غزل)
بے تحاشہ اسے سوچا جائے
زخم کو اور کریدا جائے
جانے والے کو چلے جانا ہے
پھر بھی رسماً ہی پکارا جائے
ہم نے مانا کہ کبھی پی ہی نہیں
پھر بھی خواہش کہ سنبھالا جائے
آج تنہا نہیں جاگا جاتا
رات کو ساتھ جگایا جائے
حرف لکھنا ہی نہیں کافی ہے
آؤ اب حرف مٹایا جائے
قطرہ قطرہ بکھر رہا ہے کوئی (غزل)
قطرہ قطرہ بکھر رہا ہے کوئی
بس کرو ہجر مر رہا ہے کوئی
کوئی اب کس طرح بتائے اسے
تجھ سے امید کر رہا ہے کوئی
اپنے زخموں کی بد مزاجی میں
پٹریوں سا اکھڑ رہا ہے کوئی
گرد ہوتی ہوئی صداؤں سے
خامشی سے نتھر رہا ہے کوئی
اپنی سانسوں کے خالی برتن میں
مستقل پیاس بھر رہا ہے کوئی
دیکھ چہرہ بگڑ نہ جائے کہیں
بے تحاشہ سنور رہا ہے کوئی
بنت حوا ہوں میں یہ مرا جرم ہے (نظم)
بنت حوا ہوں میں یہ مرا جرم ہے
اور پھر شاعری تو کڑا جرم ہے
میں تماشا نہیں اپنا اظہار ہوں
سوچ سکتی ہوں سو لائق دار ہوں
میرا ہر حرف ہر اک صدا جرم ہے
مجھ میں احساس کیوں ہو کہ عورت ہوں میں
زندگی کیوں لگوں؟ بس ضرورت ہوں میں
یہ مری آگہی بھی مرا جرم ہے
میرا آنچل جلے اور میں چپ رہوں
ظلم سہتی رہوں اور میں چپ رہوں
جانتی ہوں مرا بولنا جرم ہے
میرے جذبے رہیں دل کے زندان میں
میری گستاخیاں آپ کی شان میں
آپ کا ذکر بھی تو بڑا جرم ہے