پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرور عابدی کی غزلیں — Sarwar Abidi Ghazals

سرور عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سکوں نصیب ہوا اور نہ کچھ قرار مجھے (غزل)

سکوں نصیب ہوا اور نہ کچھ قرار مجھے

خزاں ہی لگتا ہے یہ موسم بہار مجھے

وہ آئیں بزم تصور میں بس یہ کافی ہے

قسم خدا کی یہی ہے وصال یار مجھے

یہ بے خودی بھی محبت کی اک امانت ہے

خدا کے واسطے کیجے نہ ہوشیار مجھے

سمجھ سکے نہ مرے غم کو آپ بھی اب تک

یہی ہے غم جو رلاتا ہے زار زار مجھے

یہ جانتا ہوں کہ منزل قریب ہے لیکن

دکھائی کچھ نہیں دیتا بجز غبار مجھے

غم حیات کی جاگی اداس راتوں میں

یہ آرزو ہے کبھی دل سے تو پکار مجھے

کسی کے دل کو بدل دوں میں کس طرح سرورؔ

جب اپنے دل پہ نہیں ہے کچھ اختیار مجھے

اشک بہا لے آہیں بھر لے (غزل)

اشک بہا لے آہیں بھر لے

دل کے بوجھ کو ہلکا کر لے

میں نے تجھ سے پیار کیا ہے

جو بھی تجھے کرنا ہو کر لے

اب وہ مجھ کو بھول گیا ہے

ایسی بات کا کون اثر لے

خوش کامی نایاب ہوئی ہے

ناکامی سے جھولی بھر لے

غم خواروں سے گھبراتا ہے

ایسے دل کی کون خبر لے

کل تو ماٹی ہو جائے گا

جتنا چاہے آج سنور لے

سب ساتھی سیراب ہوئے ہیں

اب تو بھی پیمانہ بھر لے

تجھ کو بھی یہ حق ہے سرورؔ

چاہے جی لے چاہے مر لے

مزید غزلیں از سرور عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں