پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرور عالم راز کی غزلیں — Sarwar Alam Raz Ghazals

سرور عالم راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے کیف جوانی ہے بے درد زمانہ ہے (غزل)

بے کیف جوانی ہے بے درد زمانہ ہے

ناکام محبت کا اتنا ہی فسانہ ہے

ساون کا مہینہ ہے موسم بھی سہانا ہے

آ جاؤ جو آنا ہے آ جاؤ جو آنا ہے

اے کاش کوئی کہہ دے اس چشم فسوں گر سے

نظروں کا چرانا ہی نظروں کا ملانا ہے

آغاز محبت سے انجام محبت تک

''اک آگ کا دریا ہے اور ڈوب کے جانا ہے''

ڈھونڈتے ڈھونڈتے خود کو میں کہاں جا نکلا (غزل)

ڈھونڈتے ڈھونڈتے خود کو میں کہاں جا نکلا

ایک پردہ جو اٹھا دوسرا پردہ نکلا

منظر زیست سراسر تہ و بالا نکلا

غور سے دیکھا تو ہر شخص تماشا نکلا

ایک ہی رنگ کا غم خانۂ دنیا نکلا

غم جاناں بھی غم زیست کا سایا نکلا

اس رہ زیست کو ہم اجنبی سمجھے تھے مگر

جو بھی پتھر ملا برسوں کا شناسا نکلا

آرزو حسرت اور امید شکایت آنسو

اک ترا ذکر تھا اور بیچ میں کیا کیا نکلا

گھر سے نکلے تھے کہ آئینہ دکھائیں سب کو

لیکن ہر عکس میں اپنا ہی سراپا نکلا

کیوں نہ ہم بھی کریں اس نقش کف پا کی تلاش

شعلۂ طور بھی تو ایک بہانا نکلا

جی میں تھا بیٹھ کے کچھ اپنی کہیں گے سرورؔ

تو بھی کم بخت زمانے کا ستایا نکلا

یہ رنگ و بو یہ نظارے یہ بزم آرائی (نظم)

یہ رنگ و بو یہ نظارے یہ بزم آرائی

نیاز و ناز و ادا حسن عشق رعنائی

شباب نظم و غزل در پئے شکیبائی

مجھے یہ ساعت گذراں کہاں پہ لے آئی

قرار دیکھ لیا اضطرار دیکھ لیا

غم حبیب غم روزگار دیکھ لیا

اداس چہروں پہ اڑتا غبار دیکھ لیا

نوائے شوق کو بے اختیار دیکھ لیا

خزاں گزیدہ سا رنگ بہار دیکھ لیا

گماں دریدہ یقین تار تار دیکھ لیا

تمام عشوۂ حسن نگار دیکھ لیا

جنوں کا سجدہ سر کوئے یار دیکھ لیا

سواد عقل و خرد بے وقار دیکھ لیا

رہا نہ خود کا بھی پھر اعتبار دیکھ لیا

کبھی جو دیکھا نہ تھا بار بار دیکھ لیا

نہ ابتدا کی خبر ہے نہ انتہا معلوم

نوشتۂ پس دیوار کیا ہے کیا معلوم

مزید غزلیں از سرور عالم راز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں