ثروت حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اچھا سا کوئی سپنا دیکھو اور مجھے دیکھو (غزل)
اچھا سا کوئی سپنا دیکھو اور مجھے دیکھو
جاگو تو آئینہ دیکھو اور مجھے دیکھو
سوچو یہ خاموش مسافر کیوں افسردہ ہے
جب بھی تم دروازہ دیکھو اور مجھے دیکھو
صبح کے ٹھنڈے فرش پہ گونجا اس کا ایک سخن
کرنوں کا گلدستہ دیکھو اور مجھے دیکھو
بازو ہیں یا دو پتواریں ناؤ پہ رکھی ہیں
لہریں لیتا دریا دیکھو اور مجھے دیکھو
دو ہی چیزیں اس دھرتی میں دیکھنے والی ہیں
مٹی کی سندرتا دیکھو اور مجھے دیکھو
بھر جائیں گے جب زخم تو آؤں گا دوبارا (غزل)
بھر جائیں گے جب زخم تو آؤں گا دوبارا
میں ہار گیا جنگ مگر دل نہیں ہارا
روشن ہے مری عمر کے تاریک چمن میں
اس کنج ملاقات میں جو وقت گزارا
اپنے لیے تجویز کی شمشیر برہنہ
اور اس کے لیے شاخ سے اک پھول اتارا
کچھ سیکھ لو لفظوں کو برتنے کا سلیقہ
اس شغل میں گزرا ہے بہت وقت ہمارا
لب کھولے پری زاد نے آہستہ سے ثروتؔ
جوں گفتگو کرتا ہے ستارے سے ستارا
جب درخت خاموش تھے (نظم)
جب درخت خاموش تھے
اور بادل شور کر رہے تھے
میں تمہیں یاد کر رہا تھا
جب عورتیں آگ روشن کر رہی تھیں
جب میدان سے ایک بچے کا جنازہ گزر رہا تھا
جب قیدیوں کی گاڑی عدالت کے سامنے کھڑی تھی
جب لوگ عبادت گاہوں کی طرف جا رہے تھے
جب دنیا میں ہر شخص کے پاس ایک نہ ایک کام تھا