سرور عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آتے جاتے موسموں کا سلسلہ باقی رہے (غزل)
آتے جاتے موسموں کا سلسلہ باقی رہے
روز ہم ملتے رہیں اور فاصلہ باقی رہے
کھا گئیں دریا کی موجیں خواب آور گولیاں
بادبانی کے لیے پاگل ہوا باقی رہے
کل کوئی بوڑھا مصور مجھ سے ملنے آئے گا
اے مرے منصف مری تھوڑی سزا باقی رہے
شاعری کرتے رہو لیکن رہے اتنا خیال
دشمنوں سے دوستی کا حوصلہ باقی رہے
جو ہو سکے تو تکلف کو اعتبار میں لا (غزل)
جو ہو سکے تو تکلف کو اعتبار میں لا
گلوں کی تازہ مہک بھی مرے دیار میں لا
تری زباں پہ بھی مچلیں گی مدھ بھری غزلیں
سخن نواز طبیعت کو انتشار میں لا
تجھے سناؤں کہانی میں کالی راتوں کی
جنون شوق کو بے چہرگی کے خار میں لا
تمام رات بکھرتے رہے ہیں سناٹے
مری نوائے پریشاں کو اختصار میں لا
غموں کا کام ہے ہر در پہ دستکیں دینا
دریچۂ در دل کو بھی تو شمار میں لا
دیار جاں میں تہی دستیاں ہیں عام ابھی
جو بے قرار سی شے ہے اسے قرار میں لا
مزید غزلیں از سرور عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں