پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرتاج عالم عابدی کی غزلیں — Sartaj Alam Abidi Ghazals

سرتاج عالم عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پاتے رہے یہ فیض تری بے رخی سے ہم (غزل)

پاتے رہے یہ فیض تری بے رخی سے ہم

گویا کہ دور ہوتے رہے زندگی سے ہم

غم دائمی ہے اور خوشی عارضی سی چیز

اس واسطے قریب نہیں ہیں خوشی سے ہم

محسوس تم سے مل کے ہوا ہم کو پہلی بار

ہیں ہمکنار آج مجسم خوشی سے ہم

اک دور تھا لکھا تھا مرے دل پہ تیرا نام

ہیں آج تیری بزم میں اک اجنبی سے ہم

جلنے سے آشیاں کے چراغاں سا ہو گیا

محروم ہو چکے تھے نئی روشنی سے ہم

ہے زندگی کی شام نہیں ہم نوا کوئی

ہر سمت دیکھتے ہیں عجب بیکسی سے ہم

تخریب کائنات ہے انسان دشمنی

سرتاجؔ کہہ رہے ہیں یہ ہر آدمی سے ہم

تیری ناراضگی فصل خزاں ہے (غزل)

تیری ناراضگی فصل خزاں ہے

رفاقت گلستاں ہی گلستاں ہے

ہوئی ہے وار پر جس کی سماعت

حدیث عشق ایسی داستاں ہے

یقیناً انقلاب آیا ہے کوئی

ہمارا ذکر اور ان کی زباں ہے

غموں کا زنگ جو دل سے مٹا دے

وہ دل کش آپ کا طرز بیاں ہے

مجھے موج حوادث کا نہیں ڈر

سفینہ کی مرے ہمت جواں ہے

وطن کے رہنما سے پوچھتا ہوں

وہ رہزن ہے کہ میر کارواں ہے

سیاہ زلف کہ برسات کی ہو جیسے گھٹا (نظم)

سیاہ زلف کہ برسات کی ہو جیسے گھٹا

مزاج صبح درخشاں تری جبیں کی ضیا

حسین گالوں پہ بکھرا ہوا وہ رنگ حیا

نمی وہ ہونٹوں کی جس میں نبات‌ و عسل گھلا

نہ کیوں بھلا میں تجھے بنت ماہتاب کہوں

جو آنکھ نرگس شہلا کی آبرو لے لے

پلک نہ جس پہ کبھی اشک مضطرب کھیلے

چھوئے جو چاند کو تو ہاتھ ہوں ترے میلے

ہر ایک انگ حسیں کس کا ذکر ہو پہلے

تجھے میں جان جہاں رشک آفتاب کہوں

وہ جزر و مد ترے سینہ کا اور وہ جذبات

ہیں میرے واسطے وحشت خروش یہ لمحات

تری زبان کی جنبش میں سینکڑوں نغمات

وہ دل پسند خصائل وہ دل نشیں عادات

نہ کیوں بھلا میں تجھے حاصل شباب کہوں

یہی کہوں کہ ملی تجھ کو حسن کی معراج

خوشا نصیب جو کہلائے دلبر سرتاجؔ

تری جبیں کا عرق رشک نیلم و پکھراج

ترے جمال نے گلشن سے لے لیا ہے خراج

ترے وجود کو میں وجہ انقلاب کہوں

مزید غزلیں از سرتاج عالم عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں