سرشار صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے بدن میں تھی تری خوشبوئے پیرہن (غزل)
میرے بدن میں تھی تری خوشبوئے پیرہن
شب بھر مرے وجود میں مہکا ترا بدن
ہوں اپنے ہی ہجوم تمنا میں اجنبی
میں اپنے ہی دیار نفس میں جلا وطن
سب پتھروں پہ نام لکھے تھے رفیقوں کے
ہر زخم سر ہے سنگ ملامت پہ خندہ زن
اب دشت بے اماں ہی میں شاید ملے پناہ
گھر کی کھلی فضا میں تو بڑھنے لگی گھٹن
ہر آدمی ہے پیکر فریاد ان دنوں
ہر شخص کے بدن پہ ہے کاغذ کا پیرہن
خوش فہم ہیں کہ صرف روایت پرست ہیں
خوش فکر تھے کہ لے اڑے تاریخ کا کفن
اس دور میں یہاں بھی فلسطین کی طرح
کچھ لوگ بے زمیں ہوئے کچھ لوگ بے وطن
مثل صبا کوئی ادھر آیا ادھر گیا
گھر میں بسی ہوئی ہے مگر بوئے پیرہن
سرشارؔ میں نے عشق کے معنی بدل دیے
اس عاشقی میں پہلے نہ تھا وصل کا چلن
شہر میں جب بھی زلیخا سے خریدار آئے (غزل)
شہر میں جب بھی زلیخا سے خریدار آئے
کتنے یوسف تھے کہ خود ہی سر بازار آئے
چھیڑ دی قامت و گیسو کی حکایت ہم نے
کسی صورت سے تو ذکر رسن و دار آئے
جب بھی زنداں میں اسیروں کو ملا مژدۂ گل
میری نظروں میں تمہارے لب و رخسار آئے
دوسری راہ وفا میں کوئی منزل ہی نہ تھی
جو تری بزم سے اٹھے وہ سر دار آئے
جب کیا ترک تمنا کا ارادہ ہم نے
سامنے کتنے ہی ٹوٹے ہوئے پندار آئے
ہوش مندوں نے سجا لی غم دل کی محفل
ہم سے دیوانے سر انجمن دار آئے
ہم سے سیکھے کوئی آداب قدح نوشی کے
ہم کہ میخانے میں غافل گئے ہوشیار آئے
غور سے دیکھ سخن فہموں کے چہرے سرشارؔ
کتنے اس شکل میں غالبؔ کے طرفدار آئے
اگر کبھی یہ گمان گزرا (نظم)
اگر کبھی یہ گمان گزرا
کہ زندگی تلخ ہو رہی ہے
تو اس مسیحا نفس کو ڈھونڈا
جو اس مرض کا طبیب حاذق ہے
جس کے شیریں لبوں میں
نمکین عارضوں میں
غزال آنکھوں کی گہری جھیلوں میں
آب حیواں چھلک رہا ہے
جو میری تنہائی کا مداوا
مرے مرض کے لیے دوا ہے
کہ شربت دید ہی تو
ان تلخ کامیوں کے لیے شفا ہے