سرفراز خاں ندیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی دستک دے رہا ہے کھول دروازہ ابھی (غزل)
کوئی دستک دے رہا ہے کھول دروازہ ابھی
کم سے کم آ جائے گی گھر میں ہوا تازہ ابھی
بے حسی نے آج تک بخشا نہیں اپنا شکار
قوم گر جاگی نہیں بکھرے گا شیرازہ ابھی
کب نہ جانے شر کی کوئی ضرب چہرے پر پڑے
ہم نے مشکل سے لگایا امن کا غازہ ابھی
زلزلہ مسمار کر سکتا ہے یہ اونچے محل
قدرتی آفات کا مشکل ہے اندازہ ابھی
ظالمو مظلوم کی آہیں دکھائیں گی اثر
تم اگر سمجھے نہیں بھگتو گے خمیازہ ابھی
گردش وقت پہ ہم گہری نظر رکھتے ہیں (غزل)
گردش وقت پہ ہم گہری نظر رکھتے ہیں
اپنے دشمن کو پرکھنے کا ہنر رکھتے ہیں
دوستو دل کے چراغوں کو جلاتے ہیں ہم
بے سہاروں کے لئے سوز جگر رکھتے ہیں
اپنی خواہش کو زباں پر نہیں لاتے لیکن
ہم بھی اس دل میں امیدوں کا نگر رکھتے ہیں
خواب غفلت میں سمجھتے ہیں زمانے والے
ہم مگر سارے زمانے کی خبر رکھتے ہیں
کیوں ڈراتا ہے ہمیں دار و رسن سے باطل
حق پرستی کے لئے دار پہ سر رکھتے ہیں
داد دیتے ہیں ہمیں راہ کے کانٹے بھی ندیمؔ
آبلہ پا ہیں مگر عزم سفر رکھتے ہیں