پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرفراز دانش کی غزلیں — Sarfraz Danish Ghazals

سرفراز دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شہر بھر کے آئنوں پر خاک ڈالی جائے گی (غزل)

شہر بھر کے آئنوں پر خاک ڈالی جائے گی

آج پھر سچائی کی صورت چھپا لی جائے گی

اس کی آنکھوں میں لپکتی آگ ہے بے حد شدید

سوچتا ہوں یہ قیامت کیسے ٹالی جائے گی

مشتعل کر دے گا اس کو اک ذرا سا احتجاج

مجھ پہ کیا گزری ہے اس پر خاک ڈالی جائے گی

قید کا احساس بھی ہوگا نہ ہم کو دوستو

یوں ہمارے پاؤں میں زنجیر ڈالی جائے گی

اے محبت لفظ بن کر اتنی سنجیدہ نہ ہو

ایک دن تو بھی کتابوں سے نکالی جائے گی

شرم سے خورشید اپنا منہ چھپا لے گا کہیں

روز روشن میں بھی دانشؔ رات ڈھا لی جائے گی

سفینہ موج بلا کے لیے اشارہ تھا (غزل)

سفینہ موج بلا کے لیے اشارہ تھا

نہ پھر ہوا تھی موافق نہ پھر کنارا تھا

ہم اپنے جلتے ہوئے گھر کو کیسے رو لیتے

ہمارے چاروں طرف ایک ہی نظارا تھا

یہ واقعہ جو سنیں گے تو لوگ ہنس دیں گے

ہمیں ہماری ہی پرچھائیوں نے مارا تھا

طلسم توڑ دیا اک شریر بچے نے

مرا وجود اداسی کا استعارا تھا

یہ حوصلہ تو گلوں کا تھا ہنس پڑے لیکن

انہیں کسی کا تبسم بھی کب گوارا تھا

غرور عقل میں ایمان بھی گنوا بیٹھے

یہ اک جزیرہ تو سب کے لیے کنارا تھا

اسے بھی آج کیا میں نے آندھیوں کے سپرد

بہت دنوں سے مرے پاس اک شرارہ تھا

ہم اس کو کیسے سناتے کہانیاں دانشؔ

کتاب دل کا ہر اک صفحہ پارہ پارہ تھا

مزید غزلیں از سرفراز دانش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں