پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرفراز آرش کی غزلیں — Sarfraz Arish Ghazals

سرفراز آرش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب تک جو جی چکا ہوں جنم گن رہا ہوں میں (غزل)

اب تک جو جی چکا ہوں جنم گن رہا ہوں میں

دنیا سمجھ رہی ہے کہ غم گن رہا ہوں میں

متروک راستے میں لگا سنگ میل ہوں

بھٹکے ہوئے کے سیدھے قدم گن رہا ہوں میں

ٹیبل سے گر کے رات کو ٹوٹا ہے اک گلاس

بتی جلا کے اپنی رقم گن رہا ہوں میں

تعداد جاننا ہے کہ کتنے مرے ہیں آج

جو چل نہیں سکے ہیں وہ بم گن رہا ہوں میں

اس کی طرف گیا ہوں گھڑی دیکھتا ہوا

اب واپسی پہ اپنے قدم گن رہا ہوں میں

انگلی پہ گن رہا ہوں سبھی دوستوں کے نام

لیکن تمہارے نام پہ ہم گن رہا ہوں میں

میں سنتری ہوں عورتوں کی جیل کا حضور

دو چار قیدی اس لیے کم گن رہا ہوں میں

آرشؔ صراحی دار سی گردن کے سحر میں

زمزم سی گفتگو کو بھی رم گن رہا ہوں میں

اپنی وحشت پہ رو رہا ہوں میں (غزل)

اپنی وحشت پہ رو رہا ہوں میں

کس پرندے کا گھونسلہ ہوں میں

تیری بینائی ڈھونڈھتی ہے مجھے

تیری آنکھوں کا مسئلہ ہوں میں

مختلف گیت مجھ سے مروی ہیں

مختلف خواب دیکھتا ہوں میں

تیرے لفظوں میں نور بھرتا ہوں

تیری آواز کا دیا ہوں میں

کل میں بیدار خواب گاہ میں تھا

آج چوکھٹ پہ جاگتا ہوں میں

تیری منزل اگر محبت ہے

تیرے رستے کا راستہ ہوں میں

جب گھٹن پر نہ بس چلے آرشؔ

اپنی آنکھوں سے پھوٹتا ہوں میں

عجیب لوگ تھے (نظم)

عجیب لوگ تھے

سورج کی روشنی کے تلے

خود اپنے آپ کو پہچان بھی رہے تھے

اور

لبوں پہ دعویٰ انکار آفتاب بھی تھا

وہ جانتے تھے کہ سورج کی روشنی کے سوا

کوئی چراغ میسر نہیں ہے ایسا جو

تلاش اصل حقیقت کے زینے چڑھتے ہوئے

بے امتیازی میں اس آفتاب جیسا ہو

سورج کے نور خانے میں

کرایہ دار بھی تھے اور سرنگوں نہیں تھے

کسی شرار منافق نے ان کے سینوں میں

زباں درازی کی اس آگ کو ہوا دی تھی

جسے قبیلۂ غفلت کے خشک لوگوں نے

انا کے خبط پہ افلاک سے نکالے ہوئے

کسی درندۂ بے شکل کی تسلی پر

برائے نشۂ حیوانیت اٹھا لیا تھا

مگر یہ کیا

کہ پھر آج اس ہماری بستی میں

عجیب لوگ ہیں

خود اپنے آپ کو پہچان بھی رہے ہیں

لبوں پہ دعویٰ انکار آفتاب بھی ہے

کرایہ دار بھی ہیں

اور سرنگوں نہیں ہیں

مزید غزلیں از سرفراز آرش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں