سرفرازتبسم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود اپنی ذات کو مسمار کرکے (غزل)
خود اپنی ذات کو مسمار کرکے
کہاں جاؤں سمندر پار کرکے
کھلی جب آنکھ کشتی جا چکی تھی
ملا کیا خواب سے بیدار کرکے
تسلی بھی نہیں دیتا ہے کوئی
مصیبت سے مجھے دو چار کرکے
مجھے جھکنا تھا آخر جھک گیا میں
گرا وہ خود مجھی پہ وار کرکے
بہت دعویٰ تھا تجھ سے دوستی کا
بہت پچھتا رہا ہوں پیار کرکے
نہیں جی پاؤ گے اب تم تبسمؔ
خود اپنی ذات کو بیدار کرکے
میرا رب جب رات بنانے لگتا ہے (غزل)
میرا رب جب رات بنانے لگتا ہے
دن کا سارا بوجھ ٹھکانے لگتا ہے
رات پیالہ خوابوں سے بھر جائے تو
نیند سے تیرا خواب جگانے لگتا ہے
بارش کے موسم میں اکثر شام کوئی
مجھ کو تیری نظم سنانے لگتا ہے
کبھی کبھی کوئی جادو سا ہو جاتا ہے
اور کوئی سپنا سچ ہو جانے لگتا ہے
کھڑا ہو جاؤں پاؤں پہ تو میرا سایا
آسمان کو ہاتھ لگانے لگتا ہے
آتا ہے جو دروازے کی درزوں سے
گھر میں تیرے نقش بنانے لگتا ہے
تم نے جو باندھا ہے رستہ پیڑوں سے
مجھ کو اپنے ساتھ چلانے لگتا ہے
شام گئے کوئی میرے دل کے کینوس پر
اشکوں سے تصویر بنانے لگتا ہے