سرفراز سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مال و متاع کوچہ و بازار بک گئے (غزل)
مال و متاع کوچہ و بازار بک گئے
عہد ہوس میں سب در و دیوار بک گئے
قصر شہی میں جبہ و دستار بک گئے
نیلام گھر میں قافلہ سالار بک گئے
جنس وفا کے چاؤ میں آئے تھے صبح دم
بولی لگی تو خود بھی خریدار بک گئے
شب بھر رہی فضا میں وفاداریوں کی گونج
سورج چڑھا تو سارے وفادار بک گئے
وہ زور تھا گرانیٔ جنس ہنر کا آج
میں خود بھی بک گیا مرے افکار بک گئے
ہوش و حواس قلب و نظر سجدہ و قیام
اے عشق تیرے سارے ہی غم خوار بک گئے
با ادب تیری محفل میں آتے رہے ساری رسمیں وفا کی نبھاتے رہے (غزل)
با ادب تیری محفل میں آتے رہے ساری رسمیں وفا کی نبھاتے رہے
سرخ پھولوں سے مقتل سجاتے رہے یوں ہی لٹتے رہے جاں لٹاتے رہے
اپنے ہاتھوں میں اپنی صلیبیں لیے جتنی مہلت ملی تیری خاطر جیے
ہم تو جاناں سر دار بھی لب سیے تجھ کو دیکھا کیے مسکراتے رہے
بزم گاہوں میں جتنے تماشائی تھے سب کے سب تیری آنکھوں کے شیدائی تھے
ہم تو نادان تھے ہم تو سودائی تھے رزم گاہوں میں آنکھیں بچھاتے رہے
سب حوالے صداقت کے بے کار تھے ہم کہ منصور تھے ہم گنہ گار تھے
جب بھی آنکھیں کھلیں ہم سر دار تھے زندگی بھر یوں ہی جگمگاتے رہے
دار کی پہلی سیڑھی پہ رکھ کر قدم معتبر ہو گئے ایک لمحہ میں ہم
ہم نبھاتے رہے وحشتوں کا بھرم زخم چنتے رہے گیت گاتے رہے
کشت جاں میں جو بوئے تھے آنسو کبھی بے پنہ تازگی ان کی فصلوں میں تھی
ہم پکارا کیے زندگی زندگی چشم نم میں دئے جھلملاتے رہے
وہ جو ہر اک زمانے میں معتوب تھا وہ جو ہر اک زمانے میں مصلوب تھا
اس مسافر کا رقص جنوں خوب تھا دیر تک لوگ قصے سناتے رہے
آس نگر میں رہنے والے سادہ سچے لوگو (نظم)
آس نگر میں رہنے والے سادہ سچے لوگو
نیند کا موسم بیت گیا ہے اپنی آنکھیں کھولو
کل کیا کھویا کل کیا پایا آؤ حساب لگائیں
آنے والا کل کیا ہوگا آؤ نصاب بنائیں
جانے والے کل میں ہم نے دکھ کے صحرا دیکھے
آش نراش میں گھلتی دیکھی غم کے دریا دیکھے
سوکھے جسموں والے دیکھے بھوکے ننگے سائے
لمحہ لمحہ رینگ رہے تھے سب کشکول اٹھائے
جانے والے کل میں ہم نے دستاروں کو بیچا
اونچے ایوانوں میں ہم نے سیپاروں کو بیچا
جانے والے کل میں ہم نے دکھ کی فصل کو کاٹا
بستی بستی بھوک افلاس کی اڑتی خاک کو چاٹا
خالی ہاتھ اور ویراں آنکھیں پاؤں زنجیر پڑی
چاروں جانب زہر سمندر سر پہ دھوپ کڑی
دھرتی پر بارود اگایا امن کے گانے گائے
ایک دوجے کے خون سے ہم نے کیسے جشن منائے
آنے والا کل کیا ہوگا آؤ کھوج لگائیں
دیواروں پہ زائچے کھینچیں نا معلوم کو پائیں
آنے والے کل میں شاید خوابوں کی تعبیر ملے
بھوکی خلقت رزق کو دیکھے انساں کو توقیر ملے
بچوں کی تعلیم کے نام پہ ماں نہ زیور بیچے
اس دھرتی پر اب نہ کوئی زہر سمندر سینچے
آس نگر میں رہنے والے سادہ اچھے لوگو
ممکن ہو تو کل کا سوچو اپنی آنکھیں کھولو