پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرفراز شاہد کی غزلیں — Sarfaraz Shahid Ghazals

سرفراز شاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق میں کچھ اس سبب سے بھی ہے آسانی مجھے (غزل)

عشق میں کچھ اس سبب سے بھی ہے آسانی مجھے

قلب صحرائی ملا ہے آنکھ بارانی مجھے

میرے اور میرے چچا کے دور میں یہ فرق ہے

ان کو تو بیوی ملی تھی اور استانی مجھے

ایک ہی مصرعے میں دس دس بار دل بریاں ہوا

وہ غزل میں باندھ کر دیتے ہیں بریانی مجھے

کوکا کولا کر گئی مجھ کو قلندر کی یہ بات

ریل کے ڈبے میں کیوں ملتا نہیں پانی مجھے

زخم وہ دل پر لگاتے ہیں مرے اور اس پہ روز

اپنے گھر سے بھیج دیتے ہیں نمک دانی مجھے

سارے شکوے دور ہو جائیں جو قدرت سونپ دے

میری دانائی تجھے اور تیری نادانی مجھے

پھونک دیتا ہوں میں اس پر اپنا کوئی شعر خوش

جب ڈراتا ہے کوئی اندوہ پنہانی مجھے

قابض رہا ہے دل پہ جو سلطان کی طرح (غزل)

قابض رہا ہے دل پہ جو سلطان کی طرح

آخر نکل گیا شہ ایران کی طرح

ظاہر میں سرد و زرد ہے کاغان کی طرح

لیکن مزاج اس کا ہے ملتان کی طرح

راز و نیاز میں بھی اکڑ فوں نہیں گئی

وہ خط بھی لکھ رہا ہے تو چالان کی طرح

لقمہ حلال کا جو ملا اہل کار کو

اس نے چبا کے تھوک دیا پان کی طرح

ذکر اس پری جمال کا جب اور جہاں چھڑا

فوراً رقیب آ گیا شیطان کی طرح

اک لمحہ اس کی دید ہوئی بس کی بھیڑ میں

اور پھر وہ کھو گیا مرے اوسان کی طرح

میں مبتلائے قرض رہا چار سال تک

وہ صرف چار دن رہا مہمان کی طرح

ہر بات کے جواب میں فوراً نہیں نہیں

نکلا زبان یار سے گردان کی طرح

شاہدؔ سے کہہ رہے ہو کہ روزے رکھا کرے

ہر ماہ جس کا گزرا ہے رمضان کی طرح

کام جو رشوت سے بن جائے بنانا چاہئے (نظم)

کام جو رشوت سے بن جائے بنانا چاہئے

چور بازاری میں کالا دھن کمانا چاہئے

دودھ میں پانی با آزادی ملانا چاہئے

جس سے مطلب ہو اسے مکھن لگانا چاہئے

دوستو! یوں جشن آزادی منانا چاہئے؟

چاول اور گندم نہ کچھ فولاد پیدا کیجئے

نصف درجن کم سے کم اولاد پیدا کیجئے

مسئلے پھر آپ لاتعداد پیدا کیجئے

ماہر منصوبہ بندی کو بھگانا چاہئے

مانگ ہے اسٹیریو کی اور وی سی آر کی

خیر ہو اب آڈیو ویڈیو کے کاروبار کی

شکل ملنے لگ گئی ہپی سے بر خوردار کی

جس کے لپ پر ہر گھڑی ڈسکو ترانہ چاہئے

رکشا و ٹیکسی کا میٹر تیز ہونا چاہئے

نرسری کا ماسٹر انگریز ہونا چاہئے

عقد کا معیار اتنا ''ریز'' ہونا چاہئے

زندگی کا پارٹنر مثل ''ڈیانا'' چاہئے

جی میں جو آئے کئے جاؤ کہ تم آزاد ہو

موٹریں تیزی سے دوڑاؤ کہ تم آزاد ہو

حادثہ کر کے کھسک جاؤ کہ تم آزاد ہو

دھر لئے جاؤ تو فوراً ''مک مکانا'' چاہئے

آج اس انداز کو یکسر بدلنا ہے ہمیں

ہم بہت بگڑے ہیں لیکن اب سنورنا ہے ہمیں

دیس کی خاطر ہی جینا اور مرنا ہے ہمیں

جو نہ اب تک ہو سکا اب کر دکھانا چاہئے

مزید غزلیں از سرفراز شاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں