سردار سلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خموشی میں چھپے لفظوں کے حلیے یاد آئیں گے (غزل)
خموشی میں چھپے لفظوں کے حلیے یاد آئیں گے
تری آنکھوں کے بے آواز لہجے یاد آئیں گے
تصور ٹھوکریں کھاتے ہوئے قدموں سے الجھے گا
ابھرتی ڈوبتی منزل کے رستے یاد آئیں گے
مجھے معلوم ہے دم توڑ دے گی آگہی میری
جو لمحے بھولنے کے ہیں وہ لمحے یاد آئیں گے
کبھی اپنے اکیلے پن کے بارے میں جو سوچو گے
تمہیں ٹوٹے ہوئے کچھ خاص رشتے یاد آئیں گے
کچھ ایسا ہو کہ تصویروں میں جل جائے تصور بھی
محبت یاد آئے گی تو شکوے یاد آئیں گے
جو تیرا جسم چھو کر میری سانسوں میں سماتے تھے
ہر آہٹ پر وہی خوشبو کے جھونکے یاد آئیں گے
بھلے اوراق ماضی چاٹ جائے وقت کی دیمک
جو قصے یاد آنے ہیں وہ قصے یاد آئیں گے
جہاں تم سے بچھڑنے کا سبب آنکھیں بھگوئیں گے
وہیں اپنی محبت کے وسیلے یاد آئیں گے
سلیمؔ آخر گئے وقتوں کی قبریں کھودیے کیوں کر
دل معصوم کو اپنے کھلونے یاد آئیں گے
بنا دے گی زمیں کو آج شاید آسماں بارش (غزل)
بنا دے گی زمیں کو آج شاید آسماں بارش
کہ دھوئے جا رہی ہیں گھر کی ساری کھڑکیاں بارش
نئے صدمات کا سیلاب آیا دل کی بستی میں
نگل جائے نہ تیری یاد کی یہ کشتیاں بارش
کھلی جو آنکھ تو چہرے پہ جگ مگ تھی پھواروں کی
کہ ملنے آئی تھی کل رات مجھ سے ناگہاں بارش
بدن سے جب الگ کرتی ہو تم بھیگے ہوئے کپڑے
چھما چھم ناچتی ہے جنگلوں کے درمیاں بارش
سلیمؔ آنکھوں سے صحراؤں کا خالی پن ٹپکتا ہے
مرے اندر برستی ہے کہیں بن کر دھواں بارش