پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سردار پنچھی کی غزلیں — Sardar Panchhi Ghazals

سردار پنچھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا ہے اس دل کا حال مت پوچھو (غزل)

کیا ہے اس دل کا حال مت پوچھو

ہم سے نازک سوال مت پوچھو

جان جائے گا کل زمانہ سب

زندگی ہے محال مت پوچھو

شاعری اور ادب کی دنیا میں

کون ہے با کمال مت پوچھو

ہم کو دینا ثبوت ہے فن کا

خوں میں ہے کیا ابال مت پوچھو

شہرتیں کس طرح کی میرے لیے

لے کے آیا یہ سال مت پوچھو

وقت اک دن بدل کے رکھ دے گا

اس کی ہر ایک چال مت پوچھو

پڑھ رہا ہوں غزل سمجھ لینا

ہے یہ کس کا خیال مت پوچھو

حب یاراں مرا خزانہ ہے

اس میں کتنا منال مت پوچھو

کیسے ہیں بال و پر یہ پنچھیؔ کے

کیسے ہیں خد و خال مت پوچھو

ہم فقیری مزاج رکھتے ہیں (غزل)

ہم فقیری مزاج رکھتے ہیں

اپنی ٹھوکر میں تاج رکھتے ہیں

ہاتھ میں کاسہ اور مرے حاکم

سر پہ سونے کا تاج رکھتے ہیں

سارے دنیا میں قاتل و مقتول

اپنا اپنا مزاج رکھتے ہیں

اصل میں دیوتا وہی ہیں کہ جو

اپنے وعدے کی لاج رکھتے ہیں

پیدا کرتے ہیں جو مسائل وہ

ہر مرض کا علاج رکھتے ہیں

خدا بھی اپنی رحمت سے تمہاری جھولی بھر دے گا (نظم)

خدا بھی اپنی رحمت سے تمہاری جھولی بھر دے گا

تم اپنی اپنی روٹی کا نوالہ بانٹتے رہنا

یہاں سے پڑھ کے جانے والو تم ہو جل رہے دیپک

جہاں دیکھو اندھیرا ہے اجالا بانٹتے رہنا

تم اپنی مسکراہٹ کو گلے کا ہار کر دینا

ہر اک ویران گھر مہکا ہوا گلزار کر دینا

ہمارے رنگ برنگے مہکتے پھولو جدھر جاؤ

تم اپنی مہک سے ماحول خوشبو دار کر دینا

مزید غزلیں از سردار پنچھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں