سردار نوبہار سنگھ صابر ٹوہانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بلا سے ہم کو لٹکائے اگر سرکار پھانسی سے (نظم)
بلا سے ہم کو لٹکائے اگر سرکار پھانسی سے
لٹکتے آئے اکثر پیکر ایثار پھانسی سے
لب دم بھی نہ کھولی ظالموں نے ہتھکڑی میری
تمنا تھی کہ کرتا میں لپٹ کر پیار پھانسی سے
کھلی ہے مجھ کو لینے کے لئے آغوش آزادی
خوشا کہ ہو گیا محبوب کا دیدار پھانسی سے
کبھی او بے خبر تحریک آزادی بھی رکتی ہے
بڑھا کرتی ہے اس کی تیزئ رفتار پھانسی سے
یہاں تک سرفروشان وطن بڑھ جائیں گے قاتل
کہ لٹکانے پڑیں گے نت تجھے دو چار پھانسی سے
نظر آئیں گے ہر سو شمع آزادی کے پروانے
ہزاروں مردہ دل ہو جائیں گے بیدار پھانسی سے
فرشتے آسماں سے بہر پا بوسی اترتے ہیں
کہ صابرؔ جھولتے ہیں دیش کے سردار پھانسی سے
مزید غزلیں از سردار نوبہار سنگھ صابر ٹوہانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں