پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سریر کابری کی غزلیں — Sareer Kabiri Ghazals

سریر کابری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اسی کا جلوۂ زیبا ہے چاندنی کیا ہے (غزل)

اسی کا جلوۂ زیبا ہے چاندنی کیا ہے

یہ چاند کیا ہے یہ سورج کی روشنی کیا ہے

اسی کے حسن پہ دیتا ہے جان پروانہ

نہیں تو شمع کے شعلوں میں دل کشی کیا ہے

کہاں کا وصل کہاں کا فراق کس کا گلہ

وجود ایک ہی ٹھہرا تو پھر دوئی کیا ہے

کسی پہ راز حقیقت کھلے تو خاک کھلے

جب آدمی نہیں واقف کہ آدمی کیا ہے

جبین شوق ہے اور ان کا آستانہ ہے

جو بندگی یہ نہیں ہے تو بندگی کیا ہے

زبان و دل کے تعلق کا بھی لحاظ رہے

سریرؔ دل کو نہ چھو لے وہ شاعری کیا ہے

تشکیل بدر کی ہے کبھی ہے ہلال کی (غزل)

تشکیل بدر کی ہے کبھی ہے ہلال کی

دنیا ہے اک شبیہ عروج و زوال کی

پھولوں سے ہے لدی ہوئی ہر شاخ گلستاں

رکھ لی خدا نے آبرو دست زوال کی

جنت فروش حوروں کے دلال خرقہ پوش

کیا پوچھتے ہو واعظ فرخندہ فال کی

ان مہ وشوں کو پردے سے باہر نکال کے

دنیا مٹائی جاتی ہے حسن و جمال کی

مجھ کو ملا ہے وہ دل بے مدعا سریرؔ

جس کو غم فراق نہ حسرت وصال کی

وہ ایک دن تھا کہ ساری دنیا نے آ کے تہذیب ہم سے سیکھی (نظم)

وہ ایک دن تھا کہ ساری دنیا نے آ کے تہذیب ہم سے سیکھی

یہ ایک دن ہے کہ ہم میں اب حسن ظاہری ہے نہ باطنی ہے

وہ ایک دن تھا کہ سارا عالم بڑھاتا تھا ہاتھ دوستی کا

یہ ایک دن ہے کہ ہم سے یاروں کو آج نفرت ہے دشمنی ہے

وہ ایک دن تھا کہ غیر قوموں سے بھی ہمارا تھا بھائی چارہ

یہ ایک دن ہے کہ آج بھائی کی اپنے بھائی سے بد ظنی ہے

وہ ایک دن تھا کہ اپنے عشرت کدوں پہ رونق برس رہی تھی

یہ ایک دن ہے کہ آج اپنے گھروں پہ حرماں کی چھاؤنی ہے

وہ ایک دن تھا کہ ہم نے جمہوریت کی تعلیم عام کی تھی

یہ ایک دن ہے کہ آج زنداں ہے اور زنجیر آہنی ہے

وہ ایک دن تھا کہ زندگی اپنی کٹ رہی تھی ہنسی خوشی میں

یہ ایک دن ہے کہ جیتے جی مر چکے ہیں چہرے پہ مردنی ہے

جو وہ زمانہ نہیں رہا ہے تو یہ زمانہ بھی کٹ رہے گا

عروج دو دن کا میہماں ہے فروغ دو دن کی چاندنی ہے

مزید غزلیں از سریر کابری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں