سردار حماد منیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل سے ہر نقش محبت کو مٹا دیتا ہوں (غزل)
دل سے ہر نقش محبت کو مٹا دیتا ہوں
میں کہاں لوٹ کے آنے کی صدا دیتا ہوں
اور تو کچھ بھی نہیں تیرے تصور کے سوا
جس کے آتے ہی میں ہر غم کو بھلا دیتا ہوں
ایک وہ وقت کہ ہر یاد سنبھالی تیری
اب ترا خط ہو نشانی ہو جلا دیتا ہوں
مالک ارض و سما تیرے حضور آیا ہوں
دل میں موجود ہر اک بت کو گرا دیتا ہوں
مجھ کو معلوم ترا ملنا مقدر میں نہیں
بس اسی جرم پہ اس دل کو سزا دیتا ہوں
دل کو اک عمر ہوئی سنگ بنائے لیکن
یاد ماضی میں کبھی آنسو بہا دیتا ہوں
اتنی نادان طبیعت ہے کہ دل میں جو کبھی
شمع امید کی جلتی ہے بجھا دیتا ہوں
اپنی شوریدہ مزاجی کا یہ عالم ہے کہ اب
خود سے روٹھوں تو میں خود کو بھی بھلا دیتا ہوں
جان من مت ہنسو میرے حالات پر (غزل)
جان من مت ہنسو میرے حالات پر
گرچہ تم کو یقیں ہے مکافات پر
سچ تو یہ ہے کہ مہر و وفا کچھ نہیں
ہر تعلق ہے قائم مفادات پر
رحم آتا نہیں تم کو ہے ظالمو
ان غریبوں یتیموں کے حالات پر
شکر اس ذات کا جس کی ہے یہ عطا
رشک کس بات کا ان کمالات پر
اپنے یاروں کی جو مخبری پر ملیں
تھوکنا بھی نہیں ایسے تمغات پر
تم نے بدلے ہیں سو مرتبہ فیصلے
میں کھڑا تھا کھڑا ہوں اسی بات پر
بات حامیؔ کی ہو اور مدلل نہ ہو
تھوڑا قابو رکھو اپنے جذبات پر