سردار گنڈا سنگھ مشرقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نالہ شب فراق جو کوئی نکل گیا (غزل)
نالہ شب فراق جو کوئی نکل گیا
جوش جنوں سے چیر کے چرخ و زحل گیا
پوچھا مزاج اس کا جو رشک مسیح نے
لے کر مریض عشق سنبھالا سنبھل گیا
نکلی زبان شمع سے کیا بات رات کو
سنتے ہی جس کو بزم میں پروانہ جل گیا
عہد شباب چشم زدن میں ہوا تمام
جھونکا تھا اک نسیم کا آ کر نکل گیا
دار فنا میں کون ہے جس کو قیام ہے
کوئی یہاں سے آج گیا کوئی کل گیا
کیسا ہی کوئی کیوں نہ ہو چالاک شہسوار
گزرا جو راہ عشق میں وہ سر کے بل گیا
اب آئی رات دیکھیں گزرتی ہے کس طرح
بندہ نواز دن تو بہانوں میں ٹل گیا
یہ طائر نفس بھی تو واپس نہ آئے گا
جب چھوڑ کر بدن کے قفس سے نکل گیا
لطف کلام مشرقیؔ اس کو رہا بھی یاد
سن کر مشاعرہ میں جو میری غزل گیا
ہیں بہت دیکھے چاہنے والے (غزل)
ہیں بہت دیکھے چاہنے والے
پر ملے کم نباہنے والے
ہم تمہارے ہوں چاہنے والے
تم اگر ہو نباہنے والے
آب شمشیر کے پیاسے ہیں
تیرے بسمل کراہنے والے
آ کے دنیا میں اے دل ناداں
کام مت کر الاہنے والے
چاہے چاہے نہ چاہے چاہے وہ
ہم تو ہیں اس کے چاہنے والے
نہیں وہ دوست بلکہ ہیں دشمن
ہیں جو تیرے سراہنے والے
مشرقیؔ بس بگاڑ دیتے ہیں
ان بتوں کو سراہنے والے