سردار خاں اثرؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جنون عشق یہ اچھا صلہ دیا تو نے (غزل)
جنون عشق یہ اچھا صلہ دیا تو نے
زمانے بھر کی نظر سے گرا دیا تو نے
صبا بھی ڈھونڈھتی پھرتی ہے خاک کو میری
مٹا مٹا کے یہاں تک مٹا دیا تو نے
مرے لئے ہی کمی ہے ترے کرم میں کریم
کہ بے طلب کو بھی حد سے سوا دیا تو نے
وگرنہ میں کیا جہاں میں مری حقیقت کیا
ترا کرم ہے کہ جو کچھ عطا کیا تو نے
گواہی دیتی ہیں بربادیاں اثرؔ تیری
کسی کے عشق میں خود کو مٹا دیا تو نے
ستم جور و جفا سب کچھ گوارا کر لیا میں نے (غزل)
ستم جور و جفا سب کچھ گوارا کر لیا میں نے
بچا کر ان کا دامن خود کو سجدہ کر لیا میں نے
مرے ہی سامنے جب برق نے پھونکا نشیمن کو
گھڑی بھر کے لئے وہ بھی نظارہ کر لیا میں نے
بڑھی جب بے خودی حد سے ہوا کیا پھر خدا جانے
انہیں سجدہ کیا یا خود کو سجدہ کر لیا میں نے
یہاں تو داد منہ دیکھے کی ملتی ہے اسی خاطر
سخن دانوں کی محفل سے کنارا کر لیا میں نے
اثرؔ راہ وفا میں اک مقام ایسا بھی آیا تھا
وہاں پہ جان و دل کا ہنس کے سودا کر لیا میں نے
وہی ناگن کا کل تک ذکر تھا سارے زمانے میں
اسی کو اب اثرؔ کہتے ہیں اپنا کر لیا میں نے