صراحت احمد صراحت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نقش تیرا بنا رہا مجھ میں (غزل)
نقش تیرا بنا رہا مجھ میں
کچھ نہ اپنا بچا رہا مجھ میں
خاک ہی خاک ہے اگر باقی
کون پھر لو جلا رہا مجھ میں
مدتوں یوں کھلی رہیں آنکھیں
ایک منظر سجا رہا مجھ میں
شخص وہ جو بچھڑ گیا کب کا
یاد بن کر بسا رہا مجھ میں
اب تلک وہ ابھر نہیں پایا
زخم کوئی چھپا رہا مجھ میں
احساس غم کا ہے نہ خوشی کی خوشی مجھے (غزل)
احساس غم کا ہے نہ خوشی کی خوشی مجھے
دیوانہ کر گئی ہے تری بے رخی مجھے
مجھ کو ترے خیال نے اتنا بدل دیا
احباب بھی سمجھنے لگے اجنبی مجھے
دنیا کا ہر چراغ جلا اور بجھ گیا
دل کے چراغ ہی سے ملی روشنی مجھے
ہر دم مری نظر میں تصور میں آپ ہیں
اس واسطے ہے پیاری مری زندگی مجھے
اتنے ہزار ضبط و تردد کے باوجود
رہ رہ کے آ ہی جاتی ہے خود پر ہنسی مجھے
مزید غزلیں از صراحت احمد صراحت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں