پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سارہ سلام کی غزلیں — Sara Salam Ghazals

سارہ سلام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آہوں کا قافلہ ہے کہ دل سے رواں دواں (غزل)

آہوں کا قافلہ ہے کہ دل سے رواں دواں

شعلہ ہے بھڑکا بستی میں اٹھنے لگا دھواں

مت پوچھ گریۂ شب فرقت کے بارے میں

صدموں کی کوکھ میں ہے مچلنے لگی فغاں

کس کو خبر کہ دل بنا خوراک کار عشق

واقف ہیں حال سے مرے اب کب یہ رازداں

ہے کیسی دوستی ترے ہونے کے باوجود

اوروں نے کی ہیں ساتھ مرے غم گساریاں

اس ایک آرزو کے تصدق ہزار چاہ

دیکھے یہ چشم جلوۂ خوش رنگ جان جاں

صرفہ ہے جو ہے فرقت یک شہر آرزو

چل نکلے ہیں قدم بہ رخ سنگ آستاں

کچھ اس لیے کٹھن تھی محبت کی داستاں

سمجھا نہ میں تری نہ ہی تو تو مری زباں

تیرا کلام خام نہیں اتنا سارہؔ پر

ہیں بے وفا یہ دوست ہے بے قدر یہ جہاں

شعور مجھ کو ملا نہ ہوتا نہ یوں مرا سینہ چاک ہوتا (غزل)

شعور مجھ کو ملا نہ ہوتا نہ یوں مرا سینہ چاک ہوتا

نہ داغ فرقت جگر یہ سہتا نہ تیری گلیوں میں خاک ہوتا

مجھے یہ ڈر ہے تجھے مرے قدموں کی سیاہی نگل نہ ڈالے

وگرنہ آمد پہ تیری آنگن میں جشن اک پر تپاک ہوتا

چراغ میں لو رہی نہ کافی نہ تاب دل میں بچی ہے باقی

گر اب بھی سورج نکل نہ پاتا میں شب کے ہاتھوں ہلاک ہوتا

یہ تیرے ہونے کا معجزہ ہے کہ میرا ہونا بھی ہو سکا ہے

وگرنہ میں ہست و نیست کی ایک کشمکش ہی میں خاک ہوتا

یہ وحشت صد ہزار سارہؔ نہ جانے کہنے لگی ہے کیا کچھ

حضور کے نام نعت لکھتی کلام تیرا بھی پاک ہوتا

یاد جو خیال کی تہوں میں جا بسی (نظم)

یاد جو خیال کی تہوں میں جا بسی

وہاں سے خوشبو نے جنم لیا

ایسی خوشبو

جو بھلی لگے

مگر کچھ عجب سی

خاموشی ناشتے میں رکھی باسی روٹی ہے

جو کوئی نہیں چکھتا

شعور کے فرش پر

بے معنی قدموں کے نشان ہیں

جنہیں کوئی نہیں دیکھتا

رائیگانی

رونے والی آنکھوں

اور تعزیت کے پھولوں کا انتظار نہیں کرتی

اسے انتظار ہے تو بس گہرے اندھیرے کا

جہاں سے واپسی ممکن نہیں

مگر اس پہ کوئی مٹی نہیں ڈالتا

اسے کون دفنائے

جسے مرتے

کسی نے دیکھا ہی نہیں

مزید غزلیں از سارہ سلام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں