سارہ خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل نشیں سی اک سحر اور ارغوانی رنگ (غزل)
دل نشیں سی اک سحر اور ارغوانی رنگ
وصل کے لمحات پر تھے کامرانی رنگ
اس کا پہلو اس کا سایہ خواب کیوں ٹوٹا
رہ گذاروں میں سجے تھے جاودانی رنگ
اک ادائے دلبریں سے پاس سے گزرا
تھے لب و رخسار پھر آتش فشانی رنگ
تیرے میرے بیچ تھا اتنا تعلق بس
شاعری کو چاہیے تھے کچھ کہانی رنگ
قرمزی سا آفتاب اور دھندلا جوبن
آسماں پر دور تک تھے آسمانی رنگ
تھا کنارا جھیل کا اور کوہ کا دامن
سیج تھی پھولوں کی اور تھے زعفرانی رنگ
تھا نگہ میں کس کا پرتو اے بنفشی صبح
یار کا چہرہ تھا یا پھر سات دھانی رنگ
اے مسیحا مرے کیسی یہ مسیحائی ہے (غزل)
اے مسیحا مرے کیسی یہ مسیحائی ہے
اتنی قربت میں بھی اک ہجر ہے تنہائی ہے
مجھ کو آباد کرو مجھ میں کوئی رنگ بھرو
دل مضطر بھی بہاروں کا تمنائی ہے
اس نے جاتے ہوئے دیکھا نہ پلٹ کر تجھ کو
تو ہے دیوانی کہ جیون ہی لٹا آئی ہے
سر فہرست ہوں اغیار کی فہرست میں میں
اور کہنے کو مری تجھ سے شناسائی ہے
گرچہ میراث ہے ولیوں کی مگر کیا کہیے
یار خاموش رہو عشق میں رسوائی ہے
اے دل مضطرب (نظم)
اے دل مضطرب
اے مرے بے وفا
اے مرے بے رحم
اب ٹھہر جا ذرا
جان من
باز آ
چاہے جانے کی خواہش میں مارا گیا
ان سرابوں کے پیچھے تو گھائل ہوا
میرے مژگاں پہ تارے ہیں بکھرے ہوئے
کون دیکھے انہیں
ہیں دیا سی ان آنکھوں میں پل پل جو پروانے مچلے ہوئے
یہ تو جل جائیں گے
خاک ہو جائیں گے
چاہے جانے کی خواہش میں مر جائیں گے
اے دل بے خبر تو نہ سہہ پائے گا
تو بھی مر جائے گا
اے مرے چارہ گر
تو کہ خود ہی مرض تو کہ خود ہی شفا
تو مسیحا بھی خود تو کہ خود ہی دوا
اے دل بے خبر
چاہے جانے کی سب شدتوں کو گھٹا
باز آ باز آ