پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثقلین مشتاق کی غزلیں — Saqlain Mushtaq Ghazals

ثقلین مشتاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہارے نام پہ مرنے سے ڈر نہیں سکتا (غزل)

تمہارے نام پہ مرنے سے ڈر نہیں سکتا

خمار عشق کبھی بھی اتر نہیں سکتا

وہ چہرہ جس کو اداسی نے گھیر رکھا ہو

وہ چاہے جتنا حسیں ہو نکھر نہیں سکتا

نظر لگے نہ تجھے اس لیے میں کہتا ہوں

تو ایک حد سے زیادہ سنور نہیں سکتا

جھلستی دھوپ میں صحرا سے تو گزر جاؤں

مگر گلی سے تری اب گزر نہیں سکتا

ہزار باتیں کہیں روبرو ترے لیکن

وہ ایک بات جو دل میں ہے کر نہیں سکتا

ہرا بھرا ہی رہے گا یہ عمر بھر مشتاقؔ

یہ زخم تیری نشانی ہے بھر نہیں سکتا

میں اتنا عام ہوا اتنا عام دنیا میں (غزل)

میں اتنا عام ہوا اتنا عام دنیا میں

کہ یونہی بنتا گیا میرا نام دنیا میں

مرے علاوہ کوئی اور بھی تڑپتا ہے

گزارتے ہوئے تنہا یہ شام دنیا میں

میں جان بوجھ کے کہتا ہوں ٹھیک ہے سب کچھ

وگرنہ ٹھیک کہاں ہے نظام دنیا میں

اے میرے خواب بہت تیز چل رہے ہو تم

بتا کہ کیسے تجھے دوں لگام دنیا میں

جنون عشق تو دیکھو کہ نام کے بدلے

لکھا ہے خط میں تمہارا غلام دنیا میں

وہاں بہشت میں ممکن نہیں ملے ہم کو

تری نظر نے پلایا جو جام دنیا میں

پہاڑ پیڑ پرندے گلاب میں اور تم

خدا نے خوب کیا اہتمام دنیا میں

اتار دو ابھی زنجیر عشق کو مشتاقؔ

بہت سے اور بھی کرنے ہیں کام دنیا میں

مزید غزلیں از ثقلین مشتاق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں