ثاقب تبسم ثاقب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب ہار دیں ہمت تو مقدر نہیں ملتا (غزل)
جب ہار دیں ہمت تو مقدر نہیں ملتا
جنگل میں بھٹکنے سے کبھی گھر نہیں ملتا
پر کیف نظارے تو بہت سے ہیں جہاں میں
لیکن ترے دیدار کا منظر نہیں ملتا
جو مل نہ سکا اس کا میں غم کس لیے کرتا
انسان جو چاہے اسے اکثر نہیں ملتا
حیراں ہوں کہ ہر شخص یہاں سنگ نما ہے
کہتے تھے کہ اس شہر میں پتھر نہیں ملتا
یہ کھیل مقدر کا سمجھ سے مری بالا
کھو جاتا ہے رستہ کبھی رہبر نہیں ملتا
ہر سانس اکھڑتی ہوئی یہ پوچھ رہی ہے
پہلے سا سکون اب ترے اندر نہیں ملتا
جو غیر کے غم میں بھی بپھر جائے اے ثاقبؔ
ہر آنکھ میں تو ایسا سمندر نہیں ملتا
آغاز و اختتام سے یاد آئیں گے تمہیں (غزل)
آغاز و اختتام سے یاد آئیں گے تمہیں
ہر صبح اور شام سے یاد آئیں گے تمہیں
ہر اشک غم سے چھلکے گی پل پل ہماری یاد
لب کے ہر ابتسام سے یاد آئیں گے تمہیں
منظر کوئی بھی ہوگا رہیں گے تمہارے پاس
ہر آہٹ و کلام سے یاد آئیں گے تمہیں
بے شک ہمارا نام نہ لینا زبان سے
ہم تو تمہارے نام سے یاد آئیں گے تمہیں
دیکھے تھے ہم نے مل کے یہاں زندگی کے خواب
اس شہر میں قیام سے یاد آئیں گے تمہیں
رہتے کہاں تھے ہو کے جدا ہم سے ایک پل
معمول کے بھی کام سے یاد آئیں گے تمہیں