پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرن بلرامپوری کی غزلیں — Saran Balrampuri Ghazals

سرن بلرامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دامن تہیں کئے ہوئے سینہ ابھار کے (غزل)

دامن تہیں کئے ہوئے سینہ ابھار کے

جاتا ہے کوئی قرض گلستاں اتار کے

پھولوں کا ہار رکھ دو گلے سے اتار کے

دن لد گئے گلوں کے اب آئے ہیں خار کے

خاموش ہو گیا کوئی آنکھیں پسار کے

لمحے ہوئے نہ ختم ترے انتظار کے

وہ کیا گئے کہ روح گلستاں نکل گئی

آئی نہیں خزاں کہ گئے دن بہار کے

ہر ایک گام پر یہ خبردار کئے ہیں

احسان ہیں یہ مجھ پہ غم بے شمار کے

شام جو دیکھی رات سمجھ لی (غزل)

شام جو دیکھی رات سمجھ لی

بنا بتائے بات سمجھ لی

میں نے اپنی بات کہی تھی

تم نے اپنی بات سمجھ لی

ہٹ گیا طوفاں خود ہی پیچھے

جب اپنی اوقات سمجھ لی

دیکھتی رہ گئی آنکھیں شاید

دل نے دل کی بات سمجھ لی

کٹ گیا غم کیسے مت پوچھو

بس اس کی سوغات سمجھ لی

ہو گیا چپ کیوں رونے والا

ہجر کی شاید رات سمجھ لی

جی بھر کے رویا ہوں سرنؔ جب

کیا شے ہے برسات سمجھ لی

مزید غزلیں از سرن بلرامپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں