پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثاقب محمود کی غزلیں — Saqib Mahmood Ghazals

ثاقب محمود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کیسا گھر ہے کہ جس میں کوئی کتاب نہیں (غزل)

یہ کیسا گھر ہے کہ جس میں کوئی کتاب نہیں

سیاہ رات ہے جس میں کہ ماہتاب نہیں

قصور تیرا ہے اس کو نہ دیکھ پائے اگر

خدا کی ذات پہ ورنہ کوئی حجاب نہیں

وہ خاک میں نہ ملا دے کہیں خفا ہو کر

مری وہ الفتیں جن کا کوئی حساب نہیں

برا میں کیسے مناؤں گا اس کی نفرت کا

حساب میں وہ ابھی صاحب نصاب نہیں

ہاں ایک طرفہ محبت نہیں گناہ مگر

زیاں یہ وقت کا ہے اس میں کچھ ثواب نہیں

میں خود سے ہارا ہوا ایک ایسا شاعر ہوں

کہ جس کی آنکھوں میں شہرت کا کوئی خواب نہیں

کوئی بھی راستہ چن لو ملیں گے کانٹے ہی

نصیب میں جو ہمارے کوئی گلاب نہیں

نہیں ہے آس بھی بجھنے کی پیاس اب ثاقبؔ

ہوں ایسے دشت میں جس میں کوئی سراب نہیں

یہ ہی خوش فہمی تمہاری تمہیں لے ڈوبے گی (غزل)

یہ ہی خوش فہمی تمہاری تمہیں لے ڈوبے گی

جو سمجھتے ہو شب غم ہمیں لے ڈوبے گی

دشمنوں کی کیا ضرورت یہ جو قسمت ہے نا

ہم کے جتنی بھی اڑانیں بھریں لے ڈوبے گی

اپنے اشکوں کا بتاتا ہی نہیں میں اس کو

ورنہ لہروں کی زباں بات میں لے ڈوبے گی

موج اٹھتی ہے سمندر میں تو اس قصد کے ساتھ

جیسے ساحل کی سبھی سرحدیں لے ڈوبے گی

اس کی آنکھوں میں نہ دیکھیں گے دوبارہ ثاقبؔ

اس کی آنکھوں کی چمک پھر ہمیں لے ڈوبے گی

آؤ مل کر چلیں (نظم)

آؤ مل کر چلیں

ایک دوجے کا اب ہم سہارا بنیں

وقت کی قید میں

میں بھی ہوں تم بھی ہو

کیوں نہ مل کر یہ پل ہم گزاریں

پھیکی دنیا میں میٹھی سی باتوں کے رنگ

آؤ مل کر بھریں

تم بنو آفتاب اور میں ماہتاب

ہو منور ہمیں سے یہ خاک اور آب

آسماں کو زمیں میں دکھے آئنہ

اس اندھیرے کو دن اور مل پائیں نہ

روشنی کا سبب آؤ مل کر بنیں

آؤ تنہائیوں سے بھری رات میں

وصل کا مل کے ہم بول بالا کریں

ایک دوجے کی خاطر اجالا کریں

ایک دوجے کے دل کی وہ سرحد بنیں

جس کے نزدیک بھی غم بھٹک نہ سکیں

وہ پرانی خزاؤں کے کانٹے سبھی

جو دلوں میں چبھے رہ گئے تھے کبھی

ان کو مل کر چنیں

کیوں نہ مل کر رہیں

اور کر دیں بہاروں کو یوں جاوداں

آ نہ پائے کبھی بھی خزاں پھر یہاں

برگ گل کی طرح دل مہکنے لگیں

مزید غزلیں از ثاقب محمود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں