پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثاقب لکھنوی کی غزلیں — Saqib Lakhnavi Ghazals

ثاقب لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہجر کی شب نالۂ دل وہ صدا دینے لگے (غزل)

ہجر کی شب نالۂ دل وہ صدا دینے لگے

سننے والے رات کٹنے کی دعا دینے لگے

آئیے حال دل مجروح سنیے دیکھیے

کیا کہا زخموں نے کیوں ٹانکے صدا دینے لگے

کس نظر سے آپ نے دیکھا دل مجروح کو

زخم جو کچھ بھر چلے تھے پھر ہوا دینے لگے

سننے والے رو دئیے سن کر مریض غم کا حال

دیکھنے والے ترس کھا کر دعا دینے لگے

جز زمین کوئے جاناں کچھ نہیں پیش نگاہ

جس کا دروازہ نظر آیا صدا دینے لگے

باغباں نے آگ دی جب آشیانے کو مرے

جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے

مٹھیوں میں خاک لے کر دوست آئے وقت دفن

زندگی بھر کی محبت کا صلا دینے لگے

آئنہ ہو جائے میرا عشق ان کے حسن کا

کیا مزہ ہو درد اگر خود ہی دوا دینے لگے

سینۂ سوزاں میں ثاقبؔ گھٹ رہا ہے وہ دھواں

اف کروں تو آگ دنیا کی ہوا دینے لگے

کہاں تک جفا حسن والوں کی سہتے (غزل)

کہاں تک جفا حسن والوں کی سہتے

جوانی جو رہتی تو پھر ہم نہ رہتے

لہو تھا تمنا کا آنسو نہیں تھے

بہائے نہ جاتے تو ہرگز نہ بہتے

وفا بھی نہ ہوتا تو اچھا تھا وعدہ

گھڑی دو گھڑی تو کبھی شاد رہتے

ہجوم تمنا سے گھٹتے تھے دل میں

جو میں روکتا بھی تو نالے نہ رہتے

میں جاگوں گا کب تک وہ سوئیں گے تا کے

کبھی چیخ اٹھوں گا غم سہتے سہتے

بتاتے ہیں آنسو کہ اب دل نہیں ہے

جو پانی نہ ہوتا تو دریا نہ بہتے

زمانہ بڑے شوق سے سن رہا تھا

ہمیں سو گئے داستاں کہتے کہتے

کوئی نقش اور کوئی دیوار سمجھا

زمانہ ہوا مجھ کو چپ رہتے رہتے

مری ناؤ اس غم کے دریا میں ثاقبؔ

کنارے پہ آ ہی لگی بہتے بہتے