ثاقب ہمراز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر عشق روایت کی تو جاگیر نہیں ہے (غزل)
ہر عشق روایت کی تو جاگیر نہیں ہے
رانجھا میں نہیں لگتا ہوں وہ ہیر نہیں ہے
لب کیسے ہیں اب فیصلہ گفتار سے ہوگا
میں مد مقابل ہوں کوئی میرؔ نہیں ہے
آغوش محبت سے نہ گھبراؤ ہمارے
چادر ہے اسے اوڑھ لو زنجیر نہیں ہے
بس دیکھنا مقصد ہو تو تصویر لگے گی
محسوس کیا جائے تو تصویر نہیں ہے
چاہے جو لکھے شوق سے دھڑکن کی عبارت
سو شکر مرے ہاتھوں کی تحریر نہیں ہے
تم بھی تو نئے خواب کا تحفہ لیے آئیں
یعنی مری تقدیر میں تعبیر نہیں ہے
بن کے کیسی مثال آیا ہے (غزل)
بن کے کیسی مثال آیا ہے
چشم تر میں گلال آیا ہے
زندگی زور سے پکڑ ہم کو
خودکشی کا خیال آیا ہے
دل سرائے میں گہما گہمی ہے
کوئی لشکر نڈھال آیا ہے
سانس لینا بھی کیسی عادت ہے
دھڑکنوں کا سوال آیا ہے
ہم بھی ہوتے تھے کیا بلندی پر
کیا ہمیں بھی زوال آیا ہے
دل سکونت سے خاک ہو جاتا
کون پاگل اچھال آیا ہے
پھر وہ ٹہنی لگا کہ ٹوٹ گئی
پھر وہ جھونکا سنبھال آیا ہے
اس کی خوشبو چھپا کے رکھی تھی
کوئی جا کر نکال آیا ہے
بعض وقتوں میں اپنے اوپر بھی
بے تحاشہ ملال آیا ہے
خود کو جنگل کیا گیا پہلے
پھر وہ چنچل غزال آیا ہے