پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثاقب کیف کی غزلیں — Saqib Kaif Ghazals

ثاقب کیف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قید رکھ کر اسے آزاد کیا ہے میں نے (غزل)

قید رکھ کر اسے آزاد کیا ہے میں نے

وقت کس کھیل میں برباد کیا ہے میں نے

ڈھونڈھتی ہے وہ کہیں اور ٹھکانہ اپنا

وہ محبت جسے ایجاد کیا ہے میں نے

گھر سے باہر میں کسی سے نہیں ملنے جاتا

اک نگر سوچ میں آباد کیا ہے میں نے

اب جو چاہوں بھی تو میں شاد نہیں ہو سکتا

زندگی کیوں تجھے ناشاد کیا ہے میں نے

کیفؔ فرصت نہیں اتنی کہ پلٹ کر دیکھو

وہ سمجھتا ہے سبق یاد کیا ہے میں نے

زمانے کی نظر سے دیکھتا ہوں میں کہاں ہوں (غزل)

زمانے کی نظر سے دیکھتا ہوں میں کہاں ہوں

یہ تنہائی میں اکثر سوچتا ہوں میں کہاں ہوں

کہا اس نے مجھے اس کو محبت ہے کسی سے

میں اپنے آپ سے یہ پوچھتا ہوں میں کہاں ہوں

وہ مجھ سے روٹھ کر پھر ہو گیا نظروں سے اوجھل

میں اس لمحے سے اب تک ڈھونڈھتا ہوں میں کہاں ہوں

یہ وہ گاؤں ہے یا پھر شہر در آیا ہے اس میں

میں ہر اک شخص سے یہ پوچھتا ہوں میں کہاں ہوں

مسافر ہے یہاں سارے یہ دنیا اک سفر ہے

یہاں رکنا ہے کتنا جانتا ہوں میں کہاں ہوں

مزید غزلیں از ثاقب کیف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں