پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثاقب ہارونی کی غزلیں — Saqib Harooni Ghazals

ثاقب ہارونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انجام سے غافل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے (غزل)

انجام سے غافل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے

اوروں کے مماثل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے

گر دعوائے احباب ہے حق گوئی و انصاف

پھر زاویہ باطل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے

یہ اور کہ الزام تباہی ہے مرے نام

اس شہر کے قاتل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے

ممنون عطا شان کریمی نہ ہوں کیونکر

یوں شرف کے قابل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے

انداز رقیباں نہیں پر سوز جنوں ساز

از خوئے عنادل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے

کیا بات ہے کیوں چاند پہ گرہن سا لگا ہے

اس بیچ میں حائل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے

ثاقبؔ نے دیا نعرۂ جمہور مگر اب

پابند سلاسل تو کبھی ہم بھی نہیں تھے

تم وطن چھوڑ کے گھر بار کہاں جاؤ گے (غزل)

تم وطن چھوڑ کے گھر بار کہاں جاؤ گے

توڑ دو وقت کی دیوار کہاں جاؤ گے

مسئلہ قوم کا ہے اور قیادت ناداں

ساتھ گر چھوڑ دے سردار کہاں جاؤ گے

شۓ مفقود ہے ڈھونڈے سے نہیں ملتا ہے

آج کل جذبۂ ایثار کہاں جاؤ گے

چار سو آگ برستی ہے زمیں پر دیکھو

پھر برہنہ بھی ہیں اشجار کہاں جاؤ گے

سادگی سے نہیں پڑھ پاؤ گے احوال جنوں

سرخ ہے خون سے اخبار کہاں جاؤ گے

کاغذی ناؤ ہے دریا کا تلاطم توبہ

ٹوٹ گر جائے تو پتوار کہاں جاؤ گے

پاس رشتہ نہیں اس دشت میں ثاقبؔ صاحب

نہ تو اپنے ہیں نہ اغیار کہاں جاؤ گے

مزید غزلیں از ثاقب ہارونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں