پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثاقب عظیم آبادی کی غزلیں — Saqib Azimabadi Ghazals

ثاقب عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوتی ہے مجھ پہ ان کی عنایت کبھی کبھی (غزل)

ہوتی ہے مجھ پہ ان کی عنایت کبھی کبھی

تاثیر جب دکھاتی ہے الفت کبھی کبھی

حاصل ہوئی ہے نور سے ظلمت کبھی کبھی

ہے ان کے شکریے میں شکایت کبھی کبھی

اے روشنیٔ طبع تو بر من بلا شدی

ذلت نصیب ہوتی ہے شہرت کبھی کبھی

غیروں سے التفات تو اپنوں سے بے رخی

بے جا رہی ہے ان کی مروت کبھی کبھی

رنج و خوشی کا دہر نے دیکھا ہے امتزاج

ہوتی ہے قہقہوں سے بھی رقت کبھی کبھی

سچ ہے مزاج یار تلون پسند ہے

الفت کبھی کبھی ہے عداوت کبھی کبھی

ثاقبؔ کا حال زار وہ سنتے ہی آئے ہیں

مژدہ ہے وصل کا شب فرقت کبھی کبھی

تفریح چشم و دل کو گلستاں ہے شاعری (غزل)

تفریح چشم و دل کو گلستاں ہے شاعری

اے اہل ذوق حاصل ارماں ہے شاعری

مستیٔ کیف و نغمہ برسنے لگے اگر

رقص بہار جلوۂ جاناں ہے شاعری

ہے لا شعور کے لئے تلبیس اہرمن

ایمان ہو تو رحمت یزداں ہے شاعری

اہل نظر نے بھر لئے دامن امید کے

گلہائے رنگ رنگ بہاراں ہے شاعری

ہو شعریت نصیب تو رشک چمن بنے

وحشت ہوئی یوں ہی تو بیاباں ہے شاعری

شاہد ہیں میرے قول پہ تاریخ کے ورق

پروردۂ تمدن انساں ہے شاعری

دھل جاتی ہے جو کوثر و تسنیم سے زباں

جنت نثار و حور بداماں ہے شاعری

یہ فلسفہ خلاصۂ ہر قیل و قال ہے

مشکل اگر نہیں ہے تو آساں ہے شاعری

ثاقبؔ بیاض شعر کی ترتیب خاص ہو

اوراق گل کی طرح پریشاں ہے شاعری

مزید غزلیں از ثاقب عظیم آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں