ثاقب امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس واسطے گلہ کریں ان کا کسی سے ہم (غزل)
کس واسطے گلہ کریں ان کا کسی سے ہم
روٹھی ہے ہم سے زندگی اور زندگی سے ہم
ہم ہیں وفا شعار زمانے تو دیکھ لے
دنیائے دل لٹاتے ہیں ہم اپنی خوشی سے ہم
اس بے رخی کا تیری کہیں کھل نہ جائے راز
یوں دوستی کئے ہیں تیری دشمنی سے ہم
حد روٹھنے کی ہو چکی اب مان جاؤ تم
گھبرا کے رو نا دیں کہیں اس دل لگی سے ہم
اس آستاں پہ سجدے کی لذت کو کیا کہیں
اب تو نہ باز آئیں گے اس بندگی سے ہم
ثاقبؔ جب ان پہ جان محبت میں کی نثار
تب لذت آشنا ہوئے اس عاشقی سے ہم
جیتنے والو اتنا بتا دو سچ مچ جیت تمہاری ہے (غزل)
جیتنے والو اتنا بتا دو سچ مچ جیت تمہاری ہے
یا اب ہم نے پیار کی بازی خود ہی جان کے ہاری ہے
گرم ہوا نے ہر گوشہ میں گل کو چمن کے جھلسا ہے
جو کیاری شاداب تھی اب تک موسم اس پہ بھاری ہے
وقت ہے سب کا ساتھی لیکن وقت کسی کے ساتھ نہیں
کل تک میرا دور رہا تھا آج تمہاری باری ہے
تیری خاطر دل ہی دل میں بجھ بجھ کر رہ جاتے ہیں
ورنہ ہر اک سانس ہماری شعلہ ہے چنگاری ہے