پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساقی فاروقی کی غزلیں — Saqi Farooqi Ghazals

ساقی فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ لوگ جو زندہ ہیں وہ مر جائیں گے اک دن (غزل)

وہ لوگ جو زندہ ہیں وہ مر جائیں گے اک دن

اک رات کے راہی ہیں گزر جائیں گے اک دن

یوں دل میں اٹھی لہر یوں آنکھوں میں بھرے رنگ

جیسے مرے حالات سنور جائیں گے اک دن

دل آج بھی جلتا ہے اسی تیز ہوا میں

اے تیز ہوا دیکھ بکھر جائیں گے اک دن

یوں ہے کہ تعاقب میں ہے آسائش دنیا

یوں ہے کہ محبت سے مکر جائیں گے اک دن

یوں ہوگا کہ ان آنکھوں سے آنسو نہ بہیں گے

یہ چاند ستارے بھی ٹھہر جائیں گے اک دن

اب گھر بھی نہیں گھر کی تمنا بھی نہیں ہے

مدت ہوئی سوچا تھا کہ گھر جائیں گے اک دن

دامن میں آنسوؤں کا ذخیرہ نہ کر ابھی (غزل)

دامن میں آنسوؤں کا ذخیرہ نہ کر ابھی

یہ صبر کا مقام ہے گریہ نہ کر ابھی

جس کی سخاوتوں کی زمانے میں دھوم ہے

وہ ہاتھ سو گیا ہے تقاضا نہ کر ابھی

نظریں جلا کے دیکھ مناظر کی آگ میں

اسرار کائنات سے پردا نہ کر ابھی

یہ خامشی کا زہر نسوں میں اتر نہ جائے

آواز کی شکست گوارا نہ کر ابھی

دنیا پہ اپنے علم کی پرچھائیاں نہ ڈال

اے روشنی فروش اندھیرا نہ کر ابھی

اے دل پہلے بھی تنہا تھے، اے دل ہم تنہا آج بھی ہیں (نظم)

اے دل پہلے بھی تنہا تھے، اے دل ہم تنہا آج بھی ہیں

اور ان زخموں اور داغوں سے اب اپنی باتیں ہوتی ہیں

جو زخم کہ سرخ گلاب ہوئے، جو داغ کہ بدر منیر ہوئے

اس طرح سے کب تک جینا ہے، میں ہار گیا اس جینے سے

کوئی ابر اڑے کسی قلزم سے رس برسے مرے ویرانے پر

کوئی جاگتا ہو کوئی کڑھتا ہو مرے دیر سے واپس آنے پر

کوئی سانس بھرے مرے پہلو میں کوئی ہاتھ دھرے مرے شانے پر

اور دبے دبے لہجے میں کہے تم نے اب تک بڑے درد سہے

تم تنہا تنہا جلتے رہے تم تنہا تنہا چلتے رہے

سنو تنہا چلنا کھیل نہیں، چلو آؤ مرے ہمراہ چلو

چلو نئے سفر پر چلتے ہیں، چلو مجھے بنا کے گواہ چلو

مزید غزلیں از ساقی فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں