پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساقی امروہوی کی غزلیں — Saqi Amrohvi Ghazals

ساقی امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

منزلیں لاکھ کٹھن آئیں گزر جاؤں گا (غزل)

منزلیں لاکھ کٹھن آئیں گزر جاؤں گا

حوصلہ ہار کے بیٹھوں گا تو مر جاؤں گا

چل رہے تھے جو میرے ساتھ کہاں ہیں وہ لوگ

جو یہ کہتے تھے کہ رستے میں بکھر جاؤں گا

در بدر ہونے سے پہلے کبھی سوچا بھی نہ تھا

گھر مجھے راس نہ آیا تو کدھر جاؤں گا

یاد رکھے مجھے دنیا تری تصویر کے ساتھ

رنگ ایسے تری تصویر میں بھر جاؤں گا

لاکھ روکیں یہ اندھیرے مرا رستہ لیکن

میں جدھر روشنی جائے گی ادھر جاؤں گا

راس آئی نہ محبت مجھے ورنہ ساقیؔ

میں نے سوچا تھا کہ ہر دل میں اتر جاؤں گا

کون پرسان حال ہے میرا (غزل)

کون پرسان حال ہے میرا

زندہ رہنا کمال ہے میرا

تو نہیں تو ترا خیال سہی

کوئی تو ہم خیال ہے میرا

میرے اعصاب دے رہے ہیں جواب

حوصلہ کب نڈھال ہے میرا

چڑھتا سورج بتا رہا ہے مجھے

بس یہیں سے زوال ہے میرا

سب کی نظریں مری نگاہ میں ہیں

کس کو کتنا خیال ہے میرا