پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سپنا احساس کی غزلیں — Sapana Ahsaas Ghazals

سپنا احساس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں نہیں کہتی مجھے کوئی خزانہ چاہیئے (غزل)

میں نہیں کہتی مجھے کوئی خزانہ چاہیئے

التجا اتنی ہے الفت جاودانہ چاہیئے

عیش و عشرت کے بنا بھی کام چل سکتا ہے جی

چھت تو سب کو چاہیئے اور آب و دانا چاہیئے

عشق میرا جس میں مہکے اے مرے رب کریم

مجھ کو جنت سے الگ وہ آشیانا چاہیئے

اس شکایت کو مری تو دور کر سکتا ہے کیا

وقت تیرا چاہیئے اور والہانہ چاہیئے

رب کو پانے کی جو حسرت ہے تو اس کے واسطے

دل نظر اور بے نیازی عارفانہ چاہیئے

ہم سفر مانگا تھا میں نے غم دئے تو نے مجھے

اب طلب یہ ہے کے غم کا اک زمانہ چاہیئے

دل نظر کیا روح تک رنگ تصوف چھا گیا

اب غزل بھی مجھ کو مولیٰ صوفیانہ چاہیئے

ہجر تیرا دے ہی دے گا موت اک دن سپناؔ کو

زندگی جینے کا لیکن اک بہانہ چاہیئے

اداس اداس فضا کائنات ٹھہری ہے (غزل)

اداس اداس فضا کائنات ٹھہری ہے

لبوں پہ سب کے کوئی سچی بات ٹھہری ہے

عجب سکوت کا منظر ہے سارے عالم میں

ہے وقت ٹھہرا ہوا اور حیات ٹھہری ہے

افق پہ شمس کی آمد کا شور ہے کب سے

اس انتظار میں اب تک یہ رات ٹھہری ہے

کسی کی زیست کا رکنا محال ہے لیکن

کسی کے واسطے اکثر وفات ٹھہری ہے

درندے دشت فرشتے فلک پہ ٹھہر گئے

زمیں پے صرف ہماری ہی ذات ٹھہری ہے

یہ چند سکے کما کر خوشی سے پھولو مت

تمہاری فتح کے اندر ہی مات ٹھہری ہے

تمام لوگ چلے جائیں کیا بیاباں میں

کہ بستیوں میں قضا کی برات ٹھہری ہے

شریف زادوں نے احساسؔ توبہ کر لی کیا

ہمارے شہر میں کیوں واردات ٹھہری ہے

مزید غزلیں از سپنا احساس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں