سنتوش سنگھ شیکھر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیوں پریشاں ہو رہے ہو ایک چھوٹی ہار سے (غزل)
کیوں پریشاں ہو رہے ہو ایک چھوٹی ہار سے
ایک مکڑی لڑ رہی تھی ہر دفعہ دیوار سے
کوئی تو آواز دے دے اب مجھے بھی پیار سے
میں تو تنہا ہو گیا ہوں عشق میں اظہار سے
کرشن جیسا سارتھی اب چاہتی ہے زندگی
کام سب بنتے نہیں ہیں جنگ میں ہتھیار سے
پیٹھ پیچھے آئیے گا تب کہیں ممکن یہ ہو
چاہتے ہیں گر مجھے یوں جیتنا تلوار سے
زندگی سے تنگ آکر بند کمرے میں ہوں میں
تنگ آنے لگ گیا ہوں ہجر کے کردار سے
میں نے کشتی بھی بہا دی بارشوں کے وصل میں
میں نہیں اب آنے والا دریا کے اس پار سے
زندگی سے اس نے باہر کر دیا مولیٰ مجھے
اب کرو تم مجھ کو باہر روح کی دیوار سے
جب تلک اے دوست میری زندگی چلتی رہے (غزل)
جب تلک اے دوست میری زندگی چلتی رہے
چاہتا ہوں ساتھ تیرے دوستی چلتی رہے
جس طرح یہ خامشی اب ساتھ چلتی ہے مرے
ٹھیک ویسے ساتھ تیرے ہر خوشی چلتی رہے
چھوڑ کر تم جا چکے ہو پھر بھی ہم زندہ تو ہیں
یعنی کشتی رک بھی جائے پر ندی چلتی رہے
قہقہوں سے رابطہ ہو اور تیرا غم بھی ہو
بارشوں میں بھیگ کر بھی یہ گھڑی چلتی رہے
اتفاقاً گر کہیں وہ مل گئے تو اے خدا
آنکھ نم ہو جائے میری پر ہنسی چلتی رہے
اب تمہارے بعد میری زندگی میں کیا بچا
تیرگی ہی تیرگی ہے تیرگی چلتی رہے