پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صنوبر الطاف کی غزلیں — Sanobar Altaf Ghazals

صنوبر الطاف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمارے جسم ہینگروں پر (نظم)

ہمارے جسم ہینگروں پر

مع سیلز ٹیکس لٹکے ہوئے ہیں

ہمارے سیانوں نے وراثت میں ہمیں

نیوز انکر دئے ہیں

جو ہمیں کوئی بھی خوش خبری نہ سنانے کی تنخواہ لیتے ہیں

اور ہم روزانہ شب نو بجے

ان کا آشیرواد لے کر

بستروں میں دبک جاتے ہیں

سنا ہے ہمارا جنم پورے چاند کی رات کو ہوا تھا

جو اماوس کی طرح سیاہ تھی

اس رات ہماری آنکھیں اسکرین پر چپکا دی گئیں

اور زبان ریموٹ کے بٹنوں کے بیچ دبا دی گئی

ہم لکھنا جانتے تھے

ہم نے اپنی انگلیاں قلم بنا دیں

اور تحریر کو زبان دے دی

لیکن ایک شام بریکنگ نیوز سے پتا چلا

کہ تمام لفظ اجتماعی خود کشی کر چکے ہیں

مزید غزلیں از صنوبر الطاف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں