پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سنجو شبدتا کی غزلیں — Sanju Shabdita Ghazals

سنجو شبدتا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود ہی پیاسے ہیں سمندر تو فقط نام کے ہیں (غزل)

خود ہی پیاسے ہیں سمندر تو فقط نام کے ہیں

بھول جاؤ کہ بڑے لوگ کسی کام کے ہیں

دستکیں خاص اسی وقت میں دیتا ہے کوئی

چار چھ پل جو مری عمر میں آرام کے ہیں

کوئی کیا لاگ لگائے کہ بچھڑنا ہے ابھی

ہم سفر آپ کے ہم ایک ہی دو گام کے ہیں

آسمانوں کی بلندی کا سفر طے کر کے

لوٹ آتے ہیں پرندے جو مرے بام کے ہیں

شاعری چائے تری یاد چمکتے جگنو

بس یہی چار طلب روز مری شام کے ہیں

ہماری بات انہیں اتنی ناگوار لگی (غزل)

ہماری بات انہیں اتنی ناگوار لگی

گلوں کی بات چھڑی اور ان کو خار لگی

بہت سنبھال کے ہم نے رکھے تھے پاؤں مگر

جہاں تھے زخم وہیں چوٹ بار بار لگی

قدم قدم پہ ہدایت ملی سفر میں ہمیں

قدم قدم پہ ہمیں زندگی ادھار لگی

نہیں تھی قدر کبھی میری حسرتوں کی اسے

یہ اور بات کہ اب وہ بھی بے قرار لگی

مدد کا ہاتھ نہیں ایک بھی بڑھا تھا مگر

عجیب دور کہ بس بھیڑ بے شمار لگی

سوچتی ہوں ہزار رستوں میں (نظم)

سوچتی ہوں ہزار رستوں میں

ایک رستا ہی میں نے چننا تھا

کام مشکل نہیں تھا اتنا بھی

جتنا میں نے بنا لیا تھا کبھی

راستے جال بن گئے ہیں اب

جس کو اب کاٹنا ہی رستا ہے

مزید غزلیں از سنجو شبدتا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں