پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سنجیو آریہ کی غزلیں — Sanjiv Arya Ghazals

سنجیو آریہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خوشبوؤں کا شجر نہیں دیکھا (غزل)

خوشبوؤں کا شجر نہیں دیکھا

ایک مدت سے گھر نہیں دیکھا

رہ گزر ہم نے ایسی چن لی تھی

میلوں دیوار و در نہیں دیکھا

تم جو بدلے تو کیا غضب بدلے

ہم نے ایسا اثر نہیں دیکھا

اتنی بوجھل ہوئی تھی یہ پلکیں

اس کو دیکھا مگر نہیں دیکھا

چاند کیسے زمیں پہ چلتا ہے

جس نے اس کو اگر نہیں دیکھا

آئنہ ہم سے روز پوچھے ہے

خود کو کیوں بن سنور نہیں دیکھا

خط کو چوما اسی کی خوشبو تھی

خط کے اندر مگر نہیں دیکھا

تم سے بچھڑے تو کیسے زندہ ہیں

تم نے یہ سوچ کر نہیں دیکھا

تمہاری یاد کو ہم نے پلک پر یوں سجا رکھا (غزل)

تمہاری یاد کو ہم نے پلک پر یوں سجا رکھا

اندھیری رات میں ہر روز آنگن میں دیا رکھا

لبوں سے گفتگو ہوتی تو کچھ شکوہ نہ ہو پاتا

نظر سے جب سنا اس کو تبسم سے گلا رکھا

گیا پردیس بیٹا جب بھی لے کر خواب سب اپنے

تو پھر دن رات ماں نے اپنی آنکھوں کو کھلا رکھا

دوالی عید میں اکثر کھلونے بیچتا ہے اب

یہ وہ بچہ ہے جس نے اپنی خواہش کو دبا رکھا

وہاں اک چاند سی لڑکی بھی رہتی ہے یہ جانا تب

دریچے کی حیا کو جب دوپٹے سے اڑا رکھا

یہ روشن دان سے معصوم سی تتلی چپکتی ہے

اسی آہٹ کو ہم نے اپنی غزلوں کی صدا رکھا

یہ دہشت گرد سڑکیں ہیں مجھے کب قتل کر ڈالیں

کسی کاغذ کے پرزے میں میں اپنا بھی پتا رکھا

کہیں دلی کی سڑکوں پر بھلا انصاف ملتا ہے

مگرمچھوں کے آنسو کو سیاست نے بہا رکھا

مزید غزلیں از سنجیو آریہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں