سنجے کمار کندن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عجب احساس سے عاری ہے دنیا (غزل)
عجب احساس سے عاری ہے دنیا
مگر پھر بھی بہت پیاری ہے دنیا
نہیں چھوڑے گی جب تک سانس باقی
ہماری جان پہ بھاری ہے دنیا
کبھی سمٹے کسی اک شخص میں یہ
کبھی افلاک پہ طاری ہے دنیا
سکندر کی کبھی محبوب ہے یہ
کبھی مجنوں کی بے زاری ہے دنیا
نکل جاؤ سلیقے سے یہاں سے
اسی نقطے کی تیاری ہے دنیا
یہی سچ ہے طویل اک نیند میں ہے
گماں یہ ہے کہ بیداری ہے دنیا
تیری دنیا کی مجبوری ہے کندنؔ
اور اس شاعر کی لاچاری ہے دنیا
باہر گلیوں میں ویرانی اندر کمرہ سناٹا (غزل)
باہر گلیوں میں ویرانی اندر کمرہ سناٹا
ہار گیا آواز کا لشکر دیکھو جیتا سناٹا
خاموشی کے نل سے ٹپکتیں قطرہ قطرہ آوازیں
دیواروں کی سیلن پر ہے کائی جیسا سناٹا
گرم دوپہر میں یہ سڑکیں حد نظر تک ویراں ہیں
تیز دھوپ کے سارے بدن سے بہتا پسینہ سناٹا
ملنا جلنا گپ ٹھہاکے پل پل اپنے ساتھ چلے
آخری شب سب چھوٹ گئے بس اک ساتھی تھا سناٹا
ہونٹوں کے پہرے داروں کو نیند کی دے کر ایک دوا
دل کے تہہ خانے میں ہولے ہولے اترا سناٹا
دستک دے گی غزل کی مہماں اہتمام یہ اس کا ہے
چائے کی پیالی رات کی سیاہی گہرا پسرا سناٹا
ایک گھڑی بھی چپ نہیں بیٹھا کندنؔ بولتا رہتا تھا
کس کو پتہ اس میں پنہا تھا جیون بھر کا سناٹا
جو زخم میں نے تجھے دیے ہیں (نظم)
جو زخم میں نے تجھے دیے ہیں
جو زخم تو نے مرے خیالوں کے ان
گداز اعضا پہ دیے ہیں
وہ اب فضا میں بکھر گئے ہیں
ہمارے جسموں کی قید سے وہ
نکل گئے ہیں
بکھر گئے ہیں ہر ایک شے میں
ہوا میں پیڑوں میں بادلوں میں
وہ کوہ و دریا کی چپیوں
اور شور و غل میں اتر گئے ہیں
جدھر بھی دیکھوں
وہ زخم چپکے چپکے
رس رہے ہیں
جو باغ میں اک کلی کو چھو لوں
تو انگلیوں پہ مواد سا کچھ
دکھائی دے دے
جو بادلوں سے ٹپکے پانی
تو بوند میں سڑ رہے لہو کی
مہک سی آئے
کبھی جو گھبرا کے کوئی
کتاب اٹھا لوں
تو اس کے پنوں پہ
پٹیوں کا گماں ہو جو کہ
ابھی اتاری گئی ہوں
کسی کے زخم خوردہ بدن سے
سنا ہے ہم نے
کہ وقت تو ایک چارہ گر ہے
اور اس کی زنبیل میں
کتنے نسخے
کہاں نہ جانے وہ گم ہوا ہے
کہ لمحے لمحے میں کس جتن سے
ڈھونڈھتا ہوں
کہانیوں میں ہے ذکر جس کا
وہ تیرا میرا وقت جو ہے
طبیب اعظم