سنجے بھٹ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو اتر آئی ہے دل میں تیری ہی تصویر ہے (غزل)
جو اتر آئی ہے دل میں تیری ہی تصویر ہے
رنگ تیرا ہی ہے اس میں تیری ہی تفسیر ہے
مہرباں ہے یہ کسی پر اور کسی سے ہے خفا
شوخ ہے یہ منچلی ہے کہنے کو تقدیر ہے
بارہا میں لوٹ آتا ہوں بھٹک کر اپنے گھر
لپٹی میرے پاؤں سے گھر کی کوئی زنجیر ہے
کیا ارادہ کر لیا ہے مارنے اور مرنے کا
صاف دکھتا ہے تمہارے ہاتھ میں شمشیر ہے
اس جہاں کو جنگ کا میداں بنا بیٹھے ہو کیوں
کیوں گماں یہ ہے کہ دنیا آپ کی جاگیر ہے
اسی رستے سے گزریں اور پرکھیں ہم نشاں اپنا (غزل)
اسی رستے سے گزریں اور پرکھیں ہم نشاں اپنا
چلو دیکھیں ہے اب بھی کیا کسی لب پر بیاں اپنا
جسے دل سے بنایا تھا بڑے ارمان سے ہم نے
ہمارا راستہ تکتا ہے کیا اب بھی مکاں اپنا
وہ کہتے ہو جسے تم دشت اک ویران سا کوئی
کبھی تھا وہ تو پھولوں سے بھرا سارا جہاں اپنا
ہیں ہم ہی ہم تو دنیا میں نہیں ہے اور اب کوئی
نہ جانے کیسے ٹوٹے گا انا کا یہ گماں اپنا
فرشتو اس چمن کو تم سنوارو اپنے ہاتھوں سے
نہیں ہے رنگ پھولوں میں نہ کوئی باغباں اپنا